کراچی:
شہر قائد میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ پراسرار فائرنگ کی زد میں آ کر ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ عزیزآباد تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو موٹرسائیکل سوار ڈاکو ایک شہری سے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو رہے تھے۔
اسی دوران ایک شہری نے پیچھے سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ دوسرا تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہلاک ڈاکو کی لاش کو تحویل میں لے کر شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب کورنگی ڈھائی نمبر کے علاقے میں فائرنگ کے ایک پراسرار واقعے میں 25 سالہ مشل نامی خاتون زخمی ہو گئی۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔