کراچی؛ پولٹری ٹرک  کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار جاں بحق، ویڈیو سامنے آ گئی

پولیس نے پولٹری ٹرک کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا، حادثے کی تحقیقات شروع


اسٹاف رپورٹر August 26, 2025

کراچی:

شہر قائد میں صبح سویرے پولٹری ٹرک کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

شہرکے مختلف علاقوں میں منگل کی صبح سویرے مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ شاہ فیصل کالونی برج اترتے ہوئے ٹرالر کے الٹنے سے ٹریفک کی روانی متاثرہو گئی۔

کورنگی صنعتی ایریا تھانے کےعلاقے قیوم آباد چورنگی کے قریب تیزرفتارمسافرمزدا کی ٹکرسے خاتون جاں بحق ہوگئی، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ فوری طورپرخاتون کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔

علاوہ ازیں ڈیفنس تھانے کے علاقے کورنگی روڈ ڈیفنس موڑگولڈ مارک کے قریب پولٹری ٹرک کی زد میں آکو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جب کہ رکشے کو شدید نقصان پہنچا اور رکشے میں سوارافراد بھی زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

 حادثے میں جاں بحق موٹرسائیکل سوار شخص کی شناخت 50 سالہ ماجد خان ولد عادل شاہ کے نام سے کی گئی۔ متوفی سکیورٹی گارڈ تھا اور ڈیفنس فیز ٹو میں واقع سکیورٹی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتےہوئے پولٹری ٹرک کوقبضے میں لے کر اس کے ڈرائیور ارشد کو گفتار کرکے اس کےخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس حادثے سے متعلق مزیدتفتیش کررہی ہے۔

اُدھر شاہ فیصل کالونی برج اترتےہوئےٹرالرالٹ گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثرہو گئی ۔ پولیس کے مطابق ٹریفک کے لیے متبادل راستہ فراہم کیا گیا اور گاڑیوں کو شاہ فیصل برج سےفوجی فاؤنڈیشن کی جانب موڑ دیا گیا۔

مقبول خبریں