اسلام آباد:
راولپنڈی تھانہ پیرودھائی کے علاقہ بنگش کالونی میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی، دونوں افغانی تھے، ٹک ٹاک پر دوستی کے بعد دو ماہ قبل شادی کی تھی، مقتولہ کی دوسری شادی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ بنگش کالونی کی گلی نمبر 17 میں افسوس ناک واقع پیش آیا جہاں شوہر امیر نے اپنی اہلیہ ثناء کو قتل کرنے کے بعد پھندا لگا کر خودکشی کرلی، دونوں کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی، خاتون کی امیر سے دوسری شادی تھی اور پہلی شادی سے اس کا دو سال کا بیٹا تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں کی ٹک ٹاک پر دوستی ہوئی تھی، امیر، ثناء سے شادی کے لیے دو ماہ قبل بیرون ملک سے پاکستان آیا تھا اور بنگش کالونی میں کرائے کے مکان میں مقیم تھا، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ امیر نے شادی کے موقع پر ثناء کو جلد سونے کے زیورات پہنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن زیورات نہیں پہن سکا جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا رہتا تھا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں میاں بیوی کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی ہیں، مزید تفتیش کی جارہی ہے۔