امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ایک افسوسناک واقعے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے گیارہ ماہ کے بچے کو ایک بند کار کے شیشے توڑ کر اس حالت میں نکالا کہ اس نے الٹی کی ہوئی تھی اور سیٹس کے درمیان پھنسا ہوا تھا۔
گیارہ ماہ کے بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
اس کار میں دو نوجوان لڑکیاں اور ان کے ساتھ ایک لڑکا بھی آیا تھا جو بچے کو بند گاڑی میں اکیلا اور خطرناک حالت میں چھوڑ کر مختلف بارز میں گھومتے رہے۔
آسٹن پولیس نے بتایا کہ گشت پر مامور اہلکاروں نے ان افراد کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑک عبور کرتے دیکھا۔
پولیس نے انھیں روکنے کی کوشش کی تو تینوں بھاگ کھڑے ہوئے جنھیں تعاقب کے بعد حراست میں لے لیا لیکن گرفتاری کے وقت کسی نے بچے کے بارے میں پولیس کو اطلاع نہیں دی۔
تقریباً ایک گھنٹے بعد پولیس کو گرفتار گیبریئل الیمن کی خالہ کی جانب سے فون موصول ہوا جنھوں نے بتایا کہ ان کا بچہ گاڑی میں ہے۔
جس پر تفتیشی افسر نے گیبریئل الیمن سے بچے کے بارے میں پوچھا تو اس نے جھوٹا بیان دیا کہ بچہ میری بہن کے پاس لاک ہارٹ میں ہے۔
بعد ازاں جب جیل میں سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو تینوں ملزمان نے اعتراف کیا کہ انھوں نے بچے کو اکیلا کار میں چھوڑا تاکہ تینوں آزادی کے ساتھ انجوائے کرسکیں۔
پولیس نے 22 سالہ گیبریئل الیمن، 25 سالہ آئزایا کالوو اور 21 سالہ جیسلن تووار پر بچے کو تنہا چھوڑنے اور جان کو شدید خطرے میں ڈالنے کے الزامات پر مقدمہ درج کرلیا۔