اسلام آباد:
پاکستان کے معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی خریداری کے بعد اعلان کیا ہے کہ ایئرلائن کے طیاروں کی تعداد بڑھا کر 38 اورپھر 65 تک لے کر جائیں گے۔
اسلام آباد میں پی آئی اے کی بولی میں کامیابی کے بعد عارف حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے بہت شفاف انداز میں پی آئی اے کی نجکاری کی ہے اور پی آئی اے کی بولی سے پاکستانی معیشت کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے، بیرونی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہوں گے اور ملک میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے، اس نے اچھے دن دیکھے ہیں، دنیا میں نمبر2 ایئرلائن رہی ہے، اس کے تمام ملازمین باصلاحیت ہیں اور کام بہت اچھا جانتے ہیں، ملازمین کو ہم اعتماد دیں گے اور ان کی مہارت کا پورا فائدہ اٹھائیں گے۔
عارف حبیب نے کہا کہ پہلے مرحلے میں آپریشنل طیاروں کی تعداد 38 کریں گے اور پھر تعداد 65 تک لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے جب توسیع کریں گے تو مزید لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور موجودہ عملے اور تجربہ کار لوگوں کو بھی بہت اچھے مواقع ملیں گے۔
خیال رہے کہ عارف حبیب گروپ نے پی آئی اے کی خریداری کے لیے 135 ارب روپے کی کامیاب بولی لگائی جبکہ لکی کنسورشیم نے 134ارب روپے کی بولی لگائی تھی تاہم ایک ارب کی کمی کی وجہ سے پی آئی اے کی خریداری کی اہلیت عارف حبیب کنسورشیم کو مل گئی۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ایئرلائن 135 ارب میں فروخت، عارف حبیب کنسورشیم نے 75 فیصد شیئرز خرید لیے
پی آئی اے کی خریداری کے لیے دی جانے والی سب سے زیادہ بولی کی اب نجکاری کمیشن اور کابینہ کی نجکاری کمیٹی کی منظوری کے ساتھ ساتھ وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی جس کے بعد پی آئی اے کو عارف حبیب کنسورشئیم کے حوالے کردیا جائے گا۔
پی آئی اے کے خریدار کی جانب سے سرکار کے ساتھ طے کردہ بینچ مارک پورے نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کے سوال پر مشیر نجکاری کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دوسرا بڑا بڈر تو موجود ہے۔