محکمہ کسٹمز نے پشاور میں دس روز میں کارروائیوں کے دوران 11 کروڑ مالیت کی 19 نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور کروڑوں مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ادارے کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ پشاور نے گزشتہ دس دنوں کے دوران انسدادِ اسمگلنگ کارروائیوں میں 19 نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں سمیت تقریباً انیس کروڑ ستر لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق ضبط کی جانے والی 19 این ڈی پی گاڑیوں میں ٹویوٹا لینڈ کروزر، ایکوا، ٹیوٹا وِٹز،فیلڈر، ہونڈا ویزل، گریس، لینڈ روور اور جمنی جیپ شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً گیارہ کروڑ روپے ہے۔
اس کارروائی سے گاڑیوں کی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہےاس کے علاوہ کسٹمز انفورسمنٹ نے تقریباً8 کروڑ 76 لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان بھی ضبط کیا۔
جس میں چاندی کی سلاخیں، کپڑا، کالی چائے، سگریٹ، سگریٹ پیپر، ادویات اور آٹو پارٹس شامل ہیں یہ کارروائیاں اسمگلنگ کی روک تھام، قومی محاصل کے تحفظ اور مؤثر بارڈر کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے جاری سخت انفورسمنٹ اقدامات کا حصہ ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔