شہر میں اسلحے کے بے دریغ استعمال نے 8 سالہ بچے کی جان لے لی

پولیس نے واقعے کو لڑائی جھگڑے کا شاخسانہ قرار دے دیا، اہل خانہ کی تردید


محمد شاہ میر خان December 24, 2025

کراچی:

شہر قائد میں ضلع سینٹرل کے علاقے گلبرگ موسیٰ کالونی میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

چھیپا حکام کے مطابق بچے کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جاں بحق بچے کی شناخت 8 سالہ آریان کے نام سے کرلی گئی ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق موسیٰ کالونی میں آپسی لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی زد میں آکر بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

ترجمان ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او گلبرگ اعجاز لودھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔

پولیس نے فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت فاروق ولد روشی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ضابطے کی مزید کارروائی جاری ہے۔

عباسی شہید اسپتال میں مقتول بچے کے اہل خانہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پولیس کے بیان کی تردید کردی۔

آریان کے چچا عظیم کے مطابق واقعے کے وقت علاقے سے ایک سیاسی جماعت(ایم کیو ایم پاکستان) کی ریلی گزر رہی تھی اور ریلی کے دوران ہوائی فائرنگ کی جارہی تھی۔

مقتول بچے کے چچا کا کہنا ہے کہ آریان گھر کی گیلری پر کھڑا تھا کہ اچانک گولی گردن پر لگنے سے شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

اہل خانہ نے بتایا کہ مقتول بچہ تیسری جماعت کا طالب علم تھا اور دو بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔

اہل علاقہ اور مقتول آریان کے والد کے دوست کے مطابق فاروق چریا اور عادل نامی افراد نے سیاسی جماعت کے ریلی کے آگے گزرنے کے بعد ہوائی فائرنگ کی  جسکے دوران گولی گیلری میں کھڑے آریان کو کو جا لگی۔

تاہم پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے مزید ملزمان کی نشاندہی بھی کی ہے۔ لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات کا سدباب ہوسکے۔

مقبول خبریں