کراچی:
ڈسٹرکٹ ملیر پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے دو کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کر لی۔
ایکسپریس کے مطابق ملیر سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس سے منشیات برآمد کر لی، ایس ایچ او ملیر سٹی انسپکٹر شاجہاں لاشاری نے بتایا کہ گرفتار ملزم مرتضیٰ سے ایک ہزار 210 کلو گرام چرس، 6 گرام ہیروئن اور 6 گرام کرسٹل برآمد کی گئی جبکہ ملزم سے منشیات فروخت کرنے کی مد میں لنے والی رقم بھی برآمد ہوئی ہے، ملزم منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث رہا ہے ، جو مختلف مقامات پر منشیات فروخت کرنے کا کاروبار کرتا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے دیگر منشیات فروشوں کے حوالے سے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈسٹرکٹ ملیر کے تھانے میمن گوٹھ پولیس نے بھی کارروائی کے دوران ایک منشیات فروش شہزاد کو گرفتار کرکے ایک ہزار 20 گرام سے زائد چرس اور فروخت کی مدد میں حاصل شدہ رقم برآمد کی، گرفتار ملزم شہزاد مختلف مقامات پر منشیات فروخت کرتا تھا، ملزم اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔