کراچی:
شہر قائد میں صدر کے علاقے میں سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی شدید ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، واقعے نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سادہ لباس میں ملبوس مسلح افراد مختلف چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں۔
فوٹیج میں یہ افراد ایک ہوٹل پر چھاپہ مارتے، کرسیاں پھینکتے اور وہاں موجود افراد کو تشدد کا نشانہ بناتے دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔
رائع کے مطابق یہ واقعہ ایک ہفتہ قبل پیش آیا، جب سی آئی اے پولیس منشیات فروشی کے ایک کیس میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے صدر کے علاقے میں پہنچی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مطلوب ملزم چائے کے ایک ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا۔
پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزم نے مزاحمت شروع کر دی اور فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق شدید ہنگامہ آرائی کے بعد مطلوب ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔