نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ: خیبر پختوانخوا کے تمام کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچ گئے

انڈر21 گرلز کیٹیگریز میں بھی خیبر پختونخوا کی لائبہ مشتاق اور مروہ جدون نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا


اسپورٹس ڈیسک December 29, 2025

نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں خیبر پختوانخوا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی جاری ہے، تمام کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام لاہور میں جاری نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے انڈر 15 میں خیبرپختونخوا کے حسنین خان نے خیبرپختونخوا ہی کے اکرام اﷲ کو دو صفر سے شکست دی۔

انڈر17 کوارٹر فائنل میں خیبرپختونخوا کے عبدالحسیب خان نے وپڈا کے خزیمہ شہزاد کو دو صفر سے ہرایا۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں خیبرپختونخوا کے نجم ثاقب نے پنجاب کے احمد عثمان کو دو صفر سے شکست دی۔

انڈر19 کیٹیگری میں خیبرپختونخوا کے قاری محمد عمر نے پنجاب کے ہارون خرم کو جبکہ خیبر پختونخوا کے حاثر شاہ نے خیبر پختونخوا کے فرحان احمد کو شکست دی۔

انڈر19 ڈبلز میں قاری عمر اور عبدالحسیب نے احمد عثمان اور زین باجوہ کو شکست دے کر اگلے راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔

انڈر21 کیٹیگری میں خیبر پختونخوا کے تیمور خان نے پنجاب کے احمد نیاز کو دو صفر سے ہرایا جبکہ انڈر21 ڈبلز میں تیمور خان اور نصر اﷲنے پنجاب کے طاہر سبحانی اور فیضان کو دو صفر سے شکست دی۔

انڈر21 گرلز کیٹیگریز میں بھی خیبر پختونخوا کی لائبہ مشتاق اور مروہ جدون نے پنجاب کی طیب شفیق اور تمیہ قریش کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری میاں صداقت شاہ نے تمام کھلاڑیوں، کوچز حیات اﷲ، ندیم خان اور آفیشلز کو اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑی فائنل میں بھی بہترین کھیل پیش کر کے صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابی کے لیے دعا کی۔

مقبول خبریں