برطانوی ہیوی ویٹ باکسر نائیجیریا میں افسوسناک کار حادثے کا شکار؛ ہلاکتیں

حادثے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ باکسر کو بھی شدید زخم آئے ہیں


ویب ڈیسک December 29, 2025
برطانوی باکسر کے نائیجیریا میں کار حادثے میں دو افراد ہلاک

نائیجیریا میں عالمی شہرت یافتہ برطانوی باکسر انتھونی جوشوا ایک خوفناک کار حادثے کا شکار ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کی پولیس نے تصدیق کی کہ اس کار حادثے میں کم از کم 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 

حادثہ اوگون اسٹیٹ میں واقع لگوس ایبادان ایکسپریس وے پر پیش آیا جہاں جوشوا کی گاڑی ایک کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

پولیس اور روڈ سیفٹی حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح تقریباً 11 بجے مقامی وقت کے قریب ہوا اور کار غالباً تیز رفتاری یا غلط اوور ٹیک کی وجہ سے کنٹرول کھو بیٹھی۔

برطانیہ اور نائیجیریا کا پس منظر رکھنے والے 36 سالہ جوشوا کو اس حادثے میں معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں گاڑی میں موجود دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو افراد محفوظ رہے۔

جوشوا نے خود یا ان کی ٹیم کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں انتھونی جوشوا کو زخمی حالت میں مدد لیتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی۔

خیال رہے کہ انتھونی جوشوا کو مقبول ترین ہیوی ویٹ باکسروں میں شمار کیا جاتا ہے اور انہوں نے 19 دسمبر کو یوٹیوبر سے باکسر بنے جیک پال کے خلاف ایک بڑے میچ میں چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ جیتا تھا۔

حادثے کے بعد باکسنگ کمیونٹی میں تشویش پھیل گئی ہے۔

جیک پال نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ زندگی باکسنگ سے زیادہ اہم ہے اور وہ جوشوا اور حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے دعا گو ہیں۔

ان کے پروموٹر ایڈی ہیرن نے بھی کہا ہے کہ ابتدائی تصاویر دیکھ کر خوشی ہے کہ جوشوا بنیادی طور پر محفوظ ہیں تاہم مزید معلومات کا انتظار ہے۔

 

مقبول خبریں