افریقا کپ آف نیشنز 2025 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جہاں سبک رو اور بجلی کی تیزی سے گیند کو چھین کر دوڑ لگانے والے کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں دھوم مچا دی ہے۔
افریقا کپ آف نیشنز 2025 مراکش میں ہو رہا ہے جو 21 دسمبر 2025 سے 18 جنوری 2026 تک مختلف شہروں میں کھیلا جا رہا ہے۔
رباط، کاسابلانکا، اگادیر، مراكش، فیز اور ٹانگیر جیسے شہروں کے عالمی معیار کے اسٹیڈیم میں مقابلے ہوں گے جن میں پرنس مولائے عبد اللہ اسٹڈیم بھی شامل ہے۔
اس ٹورنامنٹ کے تازہ مقابلوں میں جہاں موزمبیق نے اپنی تاریخ کی پہلی فتح حاصل کرکے سب کو حیران کیا وہیں مسلم اکثریتی ممالک الجزائر اور سوڈان نے بھی شاندار کارکردگی دکھا کر تاریخ رقم کر دی اور مسلم شائقینِ فٹبال کے دل جیت لیے۔
افریقی مسلم ملک الجزائر نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ براعظم کی فٹبال طاقت ہے۔سخت مقابلے کے بعد برکینا فاسو کو 0-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے آخری 16 میں جگہ پکی کرلی۔
ٹیم کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ اسٹار ریاض محرز نے پنالٹی پر گول داغ کر فتح کو یقینی بنایا۔ یہ ان کا ٹورنامنٹ میں تیسرا گول تھا اور وہ اب افریقا کپ کی تاریخ میں الجزائر کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں۔
الجزائر دو میچز میں مکمل چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے اور ابھی تک ایک بھی گول نہیں کھایا جو ان کی مضبوط دفاعی اور نظم و ضبط والی ٹیم کا ثبوت ہے۔
سوڈان جدوجہد، صبر اور ایمان کی جیت ایک اور مسلم ملک سوڈان نے بھی فٹبال میدان میں غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ سوڈان نے استوائی گنی کو 0-1 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کی امیدوں کو مضبوط کرلیا۔
یہ فتح اس لیے بھی خاص ہے کہ سوڈان کی یہ گزشتہ کئی دہائیوں میں افریقا کپ میں بہت کم فتوحات میں سے ایک ہے جس نے ثابت کیا کہ مشکلات کے باوجود قومیں ہمت نہیں ہارتیں۔
دوسری جانب موزمبیق نے گیبون کو 2-3 سے شکست دے کر افریقا کپ آف نیشنز کی تاریخ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی، جس سے گروپ مرحلہ مزید سنسنی خیز ہو گیا۔
تاہم اس گروپ میں الجزائر، آئیوری کوسٹ اور کیمرون جیسے بڑے ناموں کی موجودگی نے مقابلے کو مزید سخت بنا دیا ہے۔