کراچی؛ مین ہول میں گرنے والے بچے کی ہلاکت بھی انتظامیہ کو حرکت میں نہ لاسکی

رواں برس کھلے مین ہولز اور نالوں میں گرکر 27 افراد اپنی جان گنواچکے ہیں


اسٹاف رپورٹر December 30, 2025

کراچی کے علاقے مہران ٹاون میں کُھلے مین ہول میں گرکر ایک اور بچے کی ہلاکت بھی انتظامیہ کو حرکت میں نہ لاسکی۔

سیاسی و انتظامی عہدیداروں نے ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بھرمار کررکھی ہے لیکن کسی نے بھی گٹر کا ڈھکن نہ لگایا۔ گٹر کے ڈھکن لے کر آنے والی سماجی تنظیم کو بھی کام نہ کرنے دیا۔

رواں برس کھلے مین ہولز اور نالوں میں گرکر 27 افراد اپنی جان گنواچکے ہیں۔ سانحہ مہران ٹاون کے بعد متوفی بچے کی گلی میں سوگ کا ماحول ہے۔

مہران ٹاون کے سماجی کارکن محمد وحید نے بتایا کہ کورنگی کا علاقہ مہران ٹاون صنعتی ایریا ہے۔ یہاں بڑی تعداد میں فیکڑیاں ہیں۔اس علاقہ میں مزدور طبقہ رہتا یے۔ یہ علاقہ شاہ فیصل ٹاون کی حدود میں آتا یے۔یہاں گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

محمد وحید نے بتایا کہ علاقہ میں بیشتر مین ہولوں پر ڈھکن نہیں ہیں۔ گذشتہ روز کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن سیکٹر 6 جی میں انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور لاپروائی کے نتیجے میں 8 سالہ دلبر علی کھلے مین ہول میں گر کر زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔

واقعے کی اطلاع پرکافی جدوجہد کے بعد کمسن لڑکے کو اس کے چاچا نے کھلے مین ہول سے باہر نکالا تاہم وہ اس وقت تک زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ واقعے کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا اور متوفی بچے کے اہلخانہ اور مکینوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی اور اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

اس واقعہ کے بعد ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ٹاون چیئرمین شاہ فیصل گوہر خٹک، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی سمیت سماجی تنظیم فکس اٹ کے عہدیدار آئے۔ سیاسی بلدیاتی نمائندوں نے بیانات دیے اور الزام تراشی کی لیکن کسی ادارے نے اپنی زمہ داری قبول نہیں کی سب ایک دوسرے پر ملبہ ڈالتے رہے۔ا

اس حادثہ کے بعد جائے وقوعہ سمیت کسی کھلے مین ہول پر ڈھکن نہیں نہیں لگائے گئے۔سب سیاست کرکے چلے گئے۔متاثرہ خاندان کی کسی نے داد رسی نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ کھلے مین ہول اور نالوں کو بند کرنے کے لیے حکومتی سطح پر کسی ایک ادارے کو زمہ داری دی جائے۔

کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کے والد اظہر علی نے بتایا کہ کھلے مین ہول کی وجہ سے ان کا اکلوتا لخت جگر چلاگیا ہے۔اس سانحہ کے بعد کھلے مین ہول پر ڈھکن نہیں لگایا جس میں گرکر میرابچہ موت کے منہ میں چلاگیا۔

انہوں نے کہا کہ میری حکومت سے اپیل ہے کہ خدارا وہ ہوش کے ناخن لے، کراچی میں جو مین ہول یا نالے کھلے ہیں ان پر ڈھکن لگانے کے ساتھ اس کو بند کیا جائے تاکہ اب کوئی بچہ حادثہ کا شکار نہ ہو۔آج میرا بچہ گیا ہے اب کسی کا بچہ جانا نہیں چاہیے۔

مقبول خبریں