کراچی:
کراچی میں متعارف کروائی گئی ڈبل ڈیکر بس کے روٹ، ٹکٹ اور مسافروں کے لیے سہولیات سمیت دیگر تفصیلات سامنے آ گئیں۔
شہر قائد میں آج سے ڈبل ڈیکر بس کا افتتاح کردیا گیا ہے، جسے فی الحال آزمائشی طور پر چلایا گیا ہے، تاہم اسے بعد میں توسیع دیتے ہوئے سندھ حکومت نے شہر بھر میں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
پیپلز بس سروس کے آپریشن منیجر عبدالشکور نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت کے تحت آج سے ڈبل ڈیکر بس سروسز کا آغاز ہوگیا ہے، جس کی ابتدائی طور پر 5 بسیں چلائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس بس کا روٹ ملیر سے فوارہ چوک شاہراہ فیصل تک ہوگا۔ بس میں 120مسافروں کے لیے نشستیں ہیں جب کہ خواتین کا حصہ الگ ہے۔بس کی اوپری چھت کو کھولنے اور بند کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔چھت کھول کر مسافر موسم سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
علاوہ ازیں بس میں حفاظت کے لیے سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔آگ لگنے کی صورت میں اس کو بجھانے کے آلات بھی موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ بسیں مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ ہیں تاکہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہا جاسکے ۔ڈبل ڈیکر بسوں کا کم ازکم کرایہ 80 اور زیادہ سے زیادہ 120 روپے ہے۔یہ بس علی الصبح سے رات تک چلائی جائے گی، تاہم ابتدائی مرحلے میں اس کی سروس آزمائشی بنیاد پر ہے۔ اس سہولت کی کامیابی کے بعد مزید ڈبل ڈیکر بسیں کراچی کے مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی۔