نیوایئر؛ کراچی ساؤتھ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

شہریوں کی سلامتی یقینی بناے کے لیے ڈی آئی جی ساؤتھ کی درخواست پر ڈبل سواری اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کردی گئی


محمد سلیم جھنڈیر December 31, 2025
ڈی آئی جی ساؤتھ کی درخواست پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے—فوٹو: فائل

کراچی:

نئے سال کی آمد کے سلسلے میں شہر میں نوجوانوں کی جانب سے ہلڑ بازی اور ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کرنے کے پیش نظر ڈپٹی انسپکڑ جنرل (ڈی آئی جی) پولیس ساؤتھ زون کراچی کی درخواست پر ضلع جنوبی میں ڈبل سواری اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کردی گئی۔

کمشنر کراچی کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ڈی آئی جی پولیس ساؤتھ زون نے آگاہ کیا کہ نئے سال 2026 کی آمد کے موقع پر جشن کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں کی بڑی تعداد موٹرسائیکلوں اور کاروں میں سوار ہو کر ساحل سمندر میں جمع ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اس طرح کے ہجوم سے ٹریفک میں خلل اور مقامی شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ڈی آئی ساؤتھ زون نے دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، فائرکریکر کا استعمال اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی تاکہ شہریوں کا تحفظ کیا جا سکے۔

کمشنر کراچی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ سال نو کے موقع بعض افراد ہوائی فائرنگ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں ناخوش گوار واقعات پیش آسکتے ہیں یا شہریوں کا جانی نقصان ہوسکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ شہریوں کی سلامتی اور تحفظ یقینی بنانے کے لیے کراچی ڈویژن کی مقامی حدود میں نئے سال کی آمد کے موقع دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، فائر کریکر کے استعمال اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنا ضروری ہے۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سال نو 2026 کی آمد کے موقع پر اس حدود میں دو روز یعنی 31 دسمبر 2025 اور یکم جنوری 2026 کو ڈبل سواری سمیت مذکورہ تمام پابندیاں مکمل طور پر عائد کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق خواتین، 12 سال سے کم عمر بچوں، بزرگوں، صحافیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رجسٹرڈ پرائیویٹ سیکیورٹی ایجنسیز کے یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں اور مخصوص خدمات کے حامل ملازمین پر نہیں ہوگا۔

مقبول خبریں