نئے سال دھرندھر کا سنسرشدہ ورژن دیکھنے کو ملے گا؛ حیران کن تبدیلی

فلم میں سنجے دت، آر مدھون، اکشے کھنہ، رنویر سنگھ، ارجن رامپال اور سارہ ارجن بھی شامل ہیں


ویب ڈیسک January 01, 2026
نئے سال میں دھرندھر کو دیکھنے والوں کو سنسرشدہ ورژن دیکھنے کو ملے گا

بالی ووڈ کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم دھرندھر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے مگر اس بار وجہ باکس آفس نہیں بلکہ سنسر شدہ تبدیلیاں ہیں۔

بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے فلم ساز کو ہدایت دی ہے کہ دھرندھر سے لفظ بلوچ کو مکمل طور پر ہٹا دیا جائے۔

جس کے بعد فلم کا نیا ترمیم شدہ ورژن یکم جنوری 2026 سے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

فلمی حلقوں میں اس پیش رفت نے خاصی کھلبلی مچا دی ہے۔ 31 دسمبر کو ملک بھر کے سینما مالکان کو ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے۔

جس میں کہا گیا کہ فلم دھرندھر کی ڈی سی پی تبدیل کی جا رہی ہے اور نئے ورژن میں دو الفاظ کو خاموش جبکہ ایک مکالمہ تبدیل کیا گیا ہے۔

انڈسٹری کے ایک باخبر ذریعے کے مطابق جن الفاظ کو نکالا گیا ہے ان میں ایک لفظ بلوچ بھی شامل ہے تاہم باقی تبدیلیوں کی تفصیل فی الوقت سامنے نہیں آسکی۔

ناظرین جو نئے سال میں دھرندھر دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اب انھیں فلم کا نیا ایڈٹ شدہ ورژن ہی دیکھنے کو ملے گا۔

واضح رہے کہ یہ فلم پہلے ہی 26 دن میں 754 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر چکی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ جلد 800 کروڑ کا ہندسہ بھی عبور کر لے گی۔

ادیتیہ دھار کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں سنجے دت، آر مدھون، اکشے کھنہ، ارجن رامپال اور سارہ ارجن بھی شامل ہیں۔

زبردست کامیابی کے باوجود فلم میں بار بار کی سنسر تبدیلیاں اس بات کی نشاندہی کر رہی ہیں کہ بالی ووڈ میں قومیت، سیاست اور سینما کا ٹکراؤ ابھی ختم نہیں ہوا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ نیا ورژن شائقین کو کتنا متاثر کرتا ہے یا یہ تنازع فلم کی شہرت میں مزید اضافہ کر دیتا ہے۔

تو یہ سستی شہرت کے لیے ایک پبلک اسٹنٹ ہے یا کوئی سیاسی وجہ، حقیقت جلد ہی سامنے آجائے گی۔

 

 

مقبول خبریں