جگنی سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے ماضی کے مقبول ترین گلوکار سلیم جاوید نے نئے سال پر مداحوں کو ایک خاص تحفہ دیا ہے۔
سلیم جاوید نے نئے سال میں تازہ انٹری یوں ڈالی ہے کہ اپنے مقبول زمانہ بلوچی گانے کو نئی دھن اور نئے انداز میں پیش کردیا ہے۔
جو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ شائقین موسیقی نہ صرف گیت کو شیئر کر رہے ہیں بلکہ اس کی دھن، انداز اور ثقافتی رنگ کو بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔
سلیم جاوید نے خود بھی اس گیت کو اپنے مداحوں کے لیے نئے سال کا خصوصی تحفہ قرار دیا ہے۔
نیا بلوچی دھن سلیم جاوید کے اس گہرے تعلق کی عکاسی کرتا ہے جو ان کے فن اور بلوچی موسیقی کے درمیان ہمیشہ سے موجود رہا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ تقریباً چالیس سال قبل ریلیز ہونے والا ان کا پہلا البم بھی ایک بلوچی گیت کی بدولت ہی غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار ہوا تھا۔
تازہ ریلیز میں وہ ایک بار پھر اسی بلوچی گیت دھن اور موسیقی کی طرف لوٹے ہیں لیکن انداز کچھ جدید موسیقی کے رنگ لیے ہوئے ہیں۔
اسی موسیقی سے بھرپور ماحول میں سلیم جاوید کا یہ نیا بلوچی گیت نمایاں حیثیت اختیار کر گیا ہے جو پرانے مداحوں کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو بھی اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔
گیت کی ویڈیو میں جدید بصری انداز، نئی کہانی اور نوجوانوں کی پسند کے عناصر شامل کیے گئے ہیں، جبکہ بلوچی لوک موسیقی کی اصل روح کو پوری طرح برقرار رکھا گیا ہے۔
سلیم جاوید نے تسلیم کیا کہ اگر روایتی موسیقی کو تخلیقی انداز میں پیش کیا جائے تو وہ ہر دور میں زندہ رہ سکتی ہے۔
سلیم جاوید کو عالمی سطح پر شہرت دلانے والا لوک گیت “جگنی” آج بھی ان کی شناخت سمجھا جاتا ہے۔
وہ پاکستان میں ریمکس موسیقی کو متعارف کرانے والے اولین فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے کلاسیکل دھنوں کو جدید انداز میں پیش کر کے نئی نسل سے جوڑا۔
اپنے مشہور گیت “لیلیٰ او لیلیٰ” کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ آج بھی نئی نسل کا اسے گانا اور سننا ان کے لیے باعثِ فخر ہے جو موسیقی کی لازوال طاقت کا ثبوت ہے۔
کئی دہائیوں سے سامعین کو اپنے سحر میں مبتلا کرنے والے سلیم جاوید کا کہنا ہے کہ جدت اور تجربہ ہمیشہ ان کے موسیقی کے سفر کا بنیادی حصہ رہا ہے اور وہ آئندہ بھی نئے انداز، نئے رنگ اور نئی دھنوں کے ساتھ مداحوں کو محظوظ کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ سال 2025 پاکستان میں موسیقی کے اعتبار سے نہایت سرگرم رہا جہاں ملک بھر میں کنسرٹس، لوک موسیقی کے پروگرامز اور جدید پاپ شوز کا انعقاد ہوا۔