کراچی میں منگل سے یخ بستہ سائبیرین ہوائیں چلنے کا امکان

کم سے کم پارہ 8 ڈگری تک گرسکتا ہے، سرد ہواؤں کا سلسلہ 5 روز تک اثرانداز رہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات


آفتاب خان January 01, 2026

کراچی:

منگل سے شہر میں یخ بستہ سائبیرین ہوائیں چلنے کا امکان ہے، کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں 8 ڈگری تک گرسکتا ہے، سرد ہواؤں کا سلسلہ 5 روزتک اثرانداز رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گزشتہ روز ہوئی بارش کے نتیجے میں رات و صبح کے اوقات میں سردی کی شدت اضافہ ہوگیا، جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت دوسرے روز بھی 14.5 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ایک ڈگری کمی سے 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

صبح کے وقت شہر کی فضاؤں پر دھند چھانے کے سبب حدنگاہ کم ہو کر 2 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی، شہر میں شمال مشرقی سمت (بلوچستان) سے چلنے والی ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 13 ناٹیکل مائل (23.4 کلومیٹر فی گھنٹہ) ریکارڈ ہوئیں۔

ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق 6 جنوری کو بلوچستان کی جانب سے سرد اور انتہائی سرد شمال مشرقی ہوائیں شہر کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں، سردی کی لہر کے سبب کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔

انجم نذیرکے مطابق سرد موسم کی مذکورہ لہر 3 تا  5 روز برقراررہ سکتی ہیں، رواں سال کے جنوری میں مزید مغربی سلسلے پاکستان کا رخ کرسکتے ہیں۔

مقبول خبریں