آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
ایسے وقت میں جب آسٹریلیا میں ٹیسٹ کرکٹ میں اسپن کے کردار پر سوالات اٹھ رہے ہیں، آف اسپنر ٹوڈ مرفی ایک بار پھر ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ کھیلنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔
موجودہ ایشز سیریز میں اسپنرز کو حاصل ہونے والی وکٹیں غیر معمولی حد تک کم رہی ہیں جبکہ زیادہ تر کامیابی تیز گیند بازوں کو ملی ہے۔
مکمل فاسٹ بولنگ اٹیک کے استعمال کے باعث نیتھن لائن کی انجری کے باوجود مرفی کو چوتھے میچ میں بینچ پر بیٹھنا پڑا تھا۔
اب توقع کی جا رہی ہے کہ سڈنی ٹیسٹ میں انہیں موقع مل سکتا ہے، حالانکہ پچ پر گھاس کی موجودگی نے صورتحال کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔
مرفی کا کہنا ہے کہ اسپن کا کردار مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ وقت کے ساتھ اس کی نوعیت بدل رہی ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ اب اسپنرز کا کام صرف آخری دنوں میں میچ جتوانا نہیں بلکہ دباؤ برقرار رکھنا اور فاسٹ بولرز کو آرام دینا بھی ہے۔
مرفی کے مطابق آسٹریلیا میں اسپن بولنگ کے ذخائر مضبوط ہیں اور وہ خود بھی مسلسل محنت کے ذریعے اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اگر مرفی ٹیم میں واپس آتے ہیں تو یہ 2023 کے بعد ان کا دوسرا ٹیسٹ ہوگا۔