26 ویں اور 27 ویں ترامیم سب کو آن بورڈ لے کر کی گئی، وفاقی وزیرقانون

حکومت پنجاب اور ہائی کورٹ کو لڑانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، اعظم نذیر تارڑ


قیصر شیرازی January 01, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

راولپنڈی:

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 26 ویں اور 27 ویں ترامیم سب کو آن بورڈ لے کر کی گئی ہیں اور جو لوگ اس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے یا تو پڑھا نہیں یا پھر سمجھ نہیں پائے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلا کا چیمبرز کے حوالے سے جو بھی نقصان ہوا حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر نقصان پورا کریں گے اور وکلا برادری کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں راولپنڈی بار کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مسئلے کو اتنی خوش اسلوبی سے حل کیا، کچہری پراجیکٹ سے وکلا اور ڈسٹرکٹ بار کا تمام نقصان پورا کریں گے، وفاق کی طرف سے امدادی رقم بار کو مل جائے گی اور حکومت پنجاب کی طرف سے بھی بار کو امداد ملے گی۔

اعظم نذیر تارڑ نے ڈسٹرکٹ بار کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے دینے اور کچہری پراجیکٹ میں جن وکلا کے چیمبر گئے ان کیے لیے 5،5 لاکھ امداد کا اعلان کیا جس پر بار کے صدر سردار منظر اور سیکریٹری ملک اسد نے خیر مقدم کیا۔

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 26 ویں اور 27 ویں ترامیم سب کو آن بورڈ لے کر کی گئی، 27ویں ترمیم کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے، 26ویں اور 27 ویں ترامیم کے بعد سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت تیز ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 26ویں اور27ویں ترامیم پر جو تنقید کرتے ہیں انہوں نے انہیں پڑھا اور سمجھا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ہائی کورٹ کو لڑانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، آئندہ ایک ہفتے میں پراپرٹی ڈسپوزیشن قانون پر بات کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وکلا پہلے پھر سیاسی جماعتوں سے تعلق ہوتا ہے، وزارت قانون کافرض ہے وہ وکلا اور بار کو ایک جیسا ٹریٹ کرے۔

 

مقبول خبریں