کراچی:
شہر قائد میں نیشنل اسٹیڈیم روڈ پر واٹر کارپوریشن کی 48 انچ قطر کی ڈایا لائن متاثر ہونے کے معاملے پر مرمتی کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمت کی تکمیل کے بعد جمشید ٹاؤن اور گلشن ٹاؤن کے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ لیکیج کی اطلاع ملتے ہی واٹر کارپوریشن کی فیلڈ ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر ڈی واٹرنگ اور مرمتی کام شروع کیا، جسے فیلڈ اسٹاف کی بروقت کارروائی اور مسلسل محنت کے باعث مقررہ وقت میں مکمل کر کے لائن کو دوبارہ فعال کر دیا گیا۔
مرمتی کام کے دوران شہریوں کو عارضی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر واٹر کارپوریشن نے معذرت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن کی جانب سے پانی کی لائنوں کی مسلسل نگرانی اور بروقت مرمت کا عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔