پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 1 لاکھ 79 ہزار کی تاریخی بلندی کو بھی عبور کرلیا

100 انڈیکس کے تمام سابقہ ریکارڈز ٹوٹ گئے، تیزی کے سبب 52.27 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں


اسٹاف رپورٹر January 02, 2026

کراچی:

ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1 لاکھ 79 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سال 2026 کے دوران معاشی اعشاریے مزید بہتر ہونے، پاکستان کے مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم بڑھنے کی توقعات اور سفارتی سطح پر مزید کامیابیاں ملنے کی امیدوں کے باعث نئے تقویمی سال دوسرے دن بھی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بڑی نوعیت تیزی کا تسلسل برقرار رہا۔

سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں پیسہ لگایا جس سے 100 انڈیکس کے تمام سابقہ ریکارڈز ٹوٹ گئے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 1لاکھ 77ہزار، 1لاکھ 78ہزار اور 1لاکھ 79ہزار پوائنٹس کی تین نئی بلند ترین سطحیں بھی رقم ہوگئیں۔

تیزی کے سبب 52.27 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 2 کھرب 44ارب 13کروڑ 25لاکھ 35ہزار 252روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ملک میں تیل وگیس کے نئے ذخائر کی دریافت، افراط زر کی شرح قابو میں رہنے، معیشت درست سمت پر گامزن ہونے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کی شرح میں متوقع کمی، سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شمولیت سے لیکویڈٹی کی آمد بڑھنے جیسے عوامل کے باعث کاروبار کے آغاز سے اختتام تک کیپیٹل مارکیٹ گرین زون میں رہی.

ایک موقع پر 3112 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم وقفے وقفے سے اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار اتارچڑھاو کا شکار بھی رہا، جس سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 2679.44 پوائنٹس کے اضافے سے 179034.93پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

اسی طرح 30 انڈیکس 1007.08 پوائنٹس کے اضافے سے 55017.41 پوائنٹس، آل شئیر انڈیکس 1297.66 پوائنٹس کے اضافے سے 107392.74پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 4013.10پوائنٹس کے اضافے سے 254699.07 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 21 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 1 ارب 11 کروڑ 30 لاکھ 99 ہزار 470 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 484 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔

ٹریڈنگ کے دوران 253 شیئرز کی قیمت میں اضافہ 201 کے داموں میں کمی اور 30 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی ہے جس کی قیمت 2149.46 روپے بڑھ کر 23644.10 روپے اور یونی لیور پاکستان فوڈز کے بھاو 149.94روپے بڑھکر 28999.99 روپے پر پہنچ گئی۔

رفحان میظ کے بھاو 80.86 روپے گھٹ کر 10013.47روپے اور سن ریز ٹیکسٹائل ملز کے بھاو 14.53 روپے گھٹ کر 143.71روپے ہوگئے۔

مقبول خبریں