پاک بحریہ کے تین ریئر ایڈمرلز کی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب، ریئر ایڈمرل سید احمد سلمان اور ریئر ایڈمرل فیصل امین کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی گئی


اسٹاف رپورٹر January 02, 2026

کراچی:

پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب، ریئر ایڈمرل سید احمد سلمان اور ریئر ایڈمرل فیصل امین کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

ترجمان پاک بحریہ کےمطابق وائس ایڈمرل عبدالمُنیب نے 1992 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اورنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے فارغ التحصیل ہیں علاوہ ازیں وہ امریکہ سے  نیول وار کالج کمانڈ کورس کوالیفائیڈ ہیں۔

وائس ایڈمرل عبدالمُنیب اپنے شاندار کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جن میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر، پی این ایس لاڑکانہ، پی این ایس اکرم، پی این ایس آتش، کمانڈر سرفیس ٹاسک گروپ-2، 25ویں ڈسٹرائر اسکواڈرن کی کمانڈ اور ہیڈکوارٹرز US NAVCENT  بحرین میں کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس-151 کے فرائض شامل ہیں۔

انہوں نے بطور  نیول سیکرٹری، ڈی جی نیول انٹیلی جنس، ڈی جی (C 4I) اور ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی خدمات سرانجام دیں۔ اس وقت وہ کمانڈر پاکستان فلیٹ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت سے نوازا گیا ہے۔

وائس ایڈمرل سید احمد سلمان نے 1991 میں پاک بحریہ کی سپلائی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ فلیگ آفیسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے فارغ التحصیل ہیں۔ ان کا سروس کیریئر نہایت شاندار ہے اور انہیں کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ حاصل ہے جن میں ڈائریکٹر انوینٹری کنٹرول پوائنٹ  اور  ڈائریکٹر پروکیورمنٹ (نیوی) شامل ہیں۔

نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ان کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں سیکرٹری ٹو چیف آف دی نیول اسٹاف، ڈائریکٹر سرفیس اسٹورز اور اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (سپلائی) شامل ہیں مزید برآں وہ اتاشی ڈیفنس پروکیورمنٹ (برطانیہ) بھی تعینات رہے۔ اس وقت وہ ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (سپلائی) اور ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (ایڈمن) کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔

اسی طرح وائس ایڈمرل فیصل امین نے 1992ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ فلیگ آفیسر رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ، آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے فارغ التحصیل ہیں۔

ان کے شاندار کیریئر میں مختلف کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ شامل ہے، جن میں  کمانڈنگ آفیسر پی این ایس راج شاہی اور پی این ایس عالمگیر، 18 ویں ڈسٹرائر اسکواڈرن کی کمانڈ اور کمانڈر سرفیس ٹاسک گروپ-1 کے فرائض شامل ہیں۔  انہوں نے یو اے ای نیول کالج، ابوظہبی میں بطور انسٹرکٹر بھی خدمات انجام دیں۔

مزید برآں انہوں نے ڈائریکٹر نیول آپریشنز، ڈائریکٹر نیول ڈیولپمنٹ پلانز (پلیٹ فارم)، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف آف دی نیول اسٹاف، اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) اور نیول سیکرٹری کے طور پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں خدمات سرانجام دی ہیں اور وزارتِ دفاع، راولپنڈی میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری-III بھی تعینات رہے ہیں۔

اس وقت وہ کمانڈر کوسٹ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ فلیگ آفیسر کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت سے نوازا گیا ہے۔

مقبول خبریں