مائی کلاچی روڈ پر مین ہول سے چار لاشیں برآمد

لاشیں دو خواتین ، ایک مرد اور ایک لڑکے کی ہیں، پولیس نے شناخت اور تفتیش کا عمل شروع کردیا، وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس


اسٹاف رپورٹر January 02, 2026

کراچی:

شہر قائد کے مائی کلاچی روڈ پر مین ہول سے چار لاشیں ملی ہیں، پولیس نے تفتیش شروع کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مائی کلاچی روڈ پھاٹک کے قریب مین ہول سے مجموعی طور پر 4 لاشیں ملیں جس میں 2 خواتین ، ایک مرد اور لڑکا شامل ہے۔

ایدھی حکام نے لاشیں نکالیں، پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں شناخت اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے لاشیں مین ہول میں پھینکنے کےبعد اس پر پتھر ڈال دیئے تھے، لاشیں 10 دن سے زائد پرانی ہیں، پوسٹ مارٹم میں وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا ، لاشیں سول اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے ماڑی پور میں نالے سے چار لاشیں ملنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دو خواتین، ایک بچے اور ایک مرد کی ہلاکت پر وزیراعلیٰ سندھ کا گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے رپورٹ فوری طور پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرے گی، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایس پی کیماڑی سے واقعے کی مکمل تفصیلات فوری طور پر طلب کرلیں اور ہدایت کی کہ قتل کے پس پردہ محرکات،وجوہات اور عوامل کا باریک بینی سے تعین کیا جائے۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی جلد از جلد نشاندہی اور گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، ملزمان کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور تمام پہلوؤں سے غیرجانبدار، شفاف اور جامع تفتیش یقینی بنائی جائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ شواہد کے تحفظ، فرانزک تجزیے اور جائے وقوعہ سے حاصل شدہ مواد کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔

مقبول خبریں