پہلے ون ڈے پھر ٹیسٹ، بنگلہ دیش رواں برس 2 بار پاکستان ٹیم کی مہمان نوازی کرے گا

ٹیم مارچ اور مئی 2026 میں 2 مراحل میں دورہ کرے گی


اسپورٹس ڈیسک January 03, 2026

پہلے ون ڈے پھر ٹیسٹ، بنگلہ دیش  رواں برس 2 بار پاکستان ٹیم کی مہمان نوازی کرے گا، پی ایس ایل کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی،ٹیم مارچ اور مئی 2026 میں 2 مراحل میں دورہ کرے گی، پہلے9 مارچ کو ڈھاکا آمد طے ہے، 12، 14 اور 16 مارچ کو ون ڈے میچز جائیں گے ، دوسرے مرحلے میں گرین کیپس 4 مئی کو پہنچیں گے ، 8 اور 16 تاریخ سے دونوں ٹیسٹ شروع ہوں گے۔ رواں برس بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی بنگلہ دیشی سرزمین پر ایکشن میں ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے 2026 کے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا شیڈول جاری کر دیا، دنیا کی صف اول کی ٹیمیں پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز ٹور کریں گی، سیزن ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے فوری بعد مارچ 2026 میں شروع ہوگا،آغاز پاکستانی ٹیم کے دورے سے ہو گا،گرین شرٹس ون ڈے مرحلے میں شرکت کے لیے 9 مارچ کو ڈھاکا پہنچیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز بالترتیب12، 14 اور 16 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔

 سیریز کو پاکستان سپر لیگ سے ٹکرائو کے باعث ری شیڈول کرنا پڑا،پاکستان ٹیم کا دورئہ بنگلہ دیش 2حصوں پر مشتمل ہوگا، ون ڈے سیریز کے بعد ٹیم مئی 2026 میں ایک بار پھر آئے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت 2 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ٹیم 4 مئی کو ڈھاکا پہنچے گی ، پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 مئی اور دوسرا 16 سے 20 تاریخ تک شیڈول ہے، یہ سیریز ٹیسٹ رینکنگ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس کے حوالے سے دونوں ٹیموں کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔

اپریل 2026 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں مکمل وائٹ بال سیریز کھیلی جائے گی،اس دورے میں تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں،ون ڈے میچز 17، 20 اور 23 اپریل کو ہوں گے ، ٹی ٹوئنٹی میچز 27 اور 29 اپریل کے بعد 2 مئی کو ہونا ہیں،جون 2026 میں آسٹریلیا کی ٹیم بنگلہ دیش آئے گی،اس سیریز میں بھی تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں، ون ڈے میچز 5، 8 اور 11 جون کو کھیلے جائیں گے ، ٹی ٹوئنٹی 15، 18 اور 20 جون کو شیڈول ہیں۔

اگست اور ستمبر میں بھارتی ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق مہمان سائیڈ 28 اگست کو ڈھاکا آئے گی، سیریز میں تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں، ون ڈے میچز یکم، 3 اور 6 ستمبر کو ہوں گے ، ٹی ٹوئنٹی 9، 12 اور 13 تاریخ کو شیڈول کیے گئے ہیں۔

 یہ سیریز گزشتہ برس ملتوی کر دی گئی تھی جسے اب 2026 میں ری شیڈول کیا گیا ہے، سال کے اختتام پر اکتوبر اور نومبر 2026 میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت 2 میچز ہوں گے،مہمان سائیڈ ٹیم 18 اکتوبر کو پہنچے گی، پہلا ٹیسٹ 28 اکتوبر سے یکم نومبر جبکہ دوسرا 5 سے 9 نومبر تک شیڈول ہے۔

 مئی 2026 میں سری لنکا اے ٹیم بھی بنگلہ دیش آئے گی ،سیریز میں دو چار روزہ اور تین ون ڈے میچز شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ مصروف ہوم سیزن نہ صرف قومی ٹیم کی تیاری کے لیے اہم ہوگا بلکہ شائقین کرکٹ کو بھی پورے سال اعلیٰ معیار کی انٹرنیشنل کرکٹ دیکھنے کا بھرپور موقع فراہم کرے گا ۔

مقبول خبریں