پاکستان ریلویز میں آؤٹ سورسنگ، 8 ریل گاڑیوں کی بولی میں کسی بھی کمپنی نے حصہ ہی نہیں لیا

پاکستان ریلویز نے مسافروں کو جدید سفری سہولیات فراہم کر نے کے لیے ریل گاڑیوں کی آؤٹ سورسنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے


طالب فریدی January 03, 2026

پاکستان ریلویز میں گیارہ ریل گاڑیوں کی آؤٹ سورسنگ کا معاملہ ۔۔۔۔گیارہ میں سے صرف تین ریل گاڑیوں کی نیلامی ہو سکی باقی آٹھ ریل گاڑیوں کی بولی میں کسی بھی کمپنی نے حصہ ہی نہیں لیا۔

ایکسپریس نیوز کو پاکستان ریلویز زرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان ریلویز نے مسافروں کو جدید سفری سہولیات فراہم کر نے کے لیے ریل گاڑیوں کی آؤٹ سورسنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

گیارہ ریل گاڑیوں میں سے صرف تین ریل گاڑیوں جن میں میاں والی ایکسپریس 54 کروڑ بیس لاکھ دس ہزار روپے کی بولی ملی جبکہ بدر ایکسپریس اور غوری ایکسپریس بالترتیب 31 کروڑ 30 لاکھ پانچ ہزار کی بولی پاکستان ریلویز انتظامیہ کو ملی۔

نجی کمپنی این سی ایس نے یہ بولیاں دی جبکہ باقی کسی کمپنی نے بولی نہیں لگائی جبکہ ریلوے زرائع کے مطابق تھل ایکسپریس، فیض احمد فیض ایکسپریس، منجوڈرو ایکسپریس، راوی ایکسپریس، فرید ایکسپریس، ملت ایکسپریس، بہاالدین زکریا ایکسپریس، اور ہزارہ ایکسپریس ریل گاڑیوں کی نیلامی ہوئی مگر کسی کمپنی نے بولی نہیں دی۔

جن ریل گاڑیوں کی نیلامی میں بولی یعنی آفر ملی اس کی منظور ی ریلوے انتظامیہ رواں ماہ ہی دے گی۔

یاد رہے کہ پہلے بھی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے نیلامی ہوئی تھی جس کو وزیر ریلوے حنیف عباسی نے منسوخ کر دیا تھا اب ان ریل گاڑیوں کی دوبارہ نیلامی ہوئی ہے۔

آٹھ ریل گاڑیوں کی نیلامی نہ ہونے کے حوالے سے زرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلویز کی جانب سے جو قیمت مقرر کی گئی ہیں وہ بہت زیادہ ہیں یہی وجہ ہے کہ ان ریل گاڑیوں کی بولی نہیں ہو سکی جب اس سلسلے میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے بات چیت کی گئی تو انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں ہر کام میرٹ پر ہو رہا ہے۔

مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہی ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں آؤٹ سورسنگ کے معاملے کو بھی صاف شفاف انداز میں کیا جا رہا ہے۔

پاکستان ریلویز کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے آؤٹ سورسنگ سے یہ بات نہیں کہ نجی کمپنی مالک بن گئی بلکہ اس کو ہر طرح سے چیک اینڈ بیلنس کے ساتھ چلائیں گے جو ایس او پیز بنائے گئے ہیں ان پر عملدرآمد ہو گا۔

مقبول خبریں