کارن فلور کے حیرت انگیز اور مفید طریقہ استعمال، جو شاید آپ نہ جانتے ہوں

کارن فلور ایک سادہ مگر کثیرالمقاصد جزو ہے جو باورچی خانے میں کئی مسائل کا آسان حل فراہم کرتا ہے


ویب ڈیسک January 03, 2026

کارن فلور صرف سالن گاڑھا کرنے کے کام ہی نہیں آتا بلکہ باورچی خانے میں اس کا مزید حیران کن استعمال ہے

اکثر گھروں میں کارن فلور یا کارن اسٹارچ کو محض سالن، سوپ یا چٹنی گاڑھی کرنے کےلیے استعمال کیا جاتا ہے، مگر ماہرینِ پکوان کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا جزو ہے جس کے فوائد صرف اسی ایک مقصد تک محدود نہیں۔

روزمرہ کھانا پکانے میں ہم بعض چیزوں کے ایک ہی استعمال کے عادی ہوجاتے ہیں اور ان کی مکمل صلاحیت سے لاعلم رہتے ہیں، حالانکہ یہی چیزیں باورچی خانے میں کئی آسان اور کارآمد طریقوں سے استعمال کی جاسکتی ہیں۔

کارن فلور کے استعمال پر بات کرنے سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کارن فلور اور کارن اسٹارچ میں فرق کیا ہے۔ مکئی کے پورے دانے کو پیس کر جو آٹا تیار کیا جاتا ہے وہ کارن فلور کہلاتا ہے، جس کا رنگ زرد اور ذائقہ نمایاں ہوتا ہے۔ اس کے برعکس خالص مکئی کا نشاستہ، جسے کارن اسٹارچ کہا جاتا ہے، سفید رنگ کا اور تقریباً بے ذائقہ ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے مختلف کھانوں میں آسانی سے شامل کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر فرائی کی جانے والی اشیاء میں اضافی کرکرا پن چاہیے تو کارن اسٹارچ بہترین انتخاب ہے۔ سبزی ہو یا گوشت، فرائی کرنے سے پہلے اس پر ہلکی سی تہہ لگا دی جائے تو بغیر کسی پیسٹ یا بریڈ کرمبس کے نہایت خستہ بیرونی سطح حاصل کی جاسکتی ہے، جو ذائقے کو مزید بڑھا دیتی ہے۔

اسی طرح نرم اور فلفی آملیٹ بنانے کے لیے بھی کارن اسٹارچ ایک مفید طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ انڈوں کو پھینٹتے وقت مصالحوں کے ساتھ تھوڑی سی مقدار شامل کرنے سے آملیٹ زیادہ پھولا ہوا اور ہلکا ہوجاتا ہے، کیونکہ کارن اسٹارچ انڈوں میں موجود پروٹین کے ساتھ بہتر انداز میں کام کرتا ہے۔

گوشت پکاتے وقت نمی برقرار رکھنا بھی ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، تاہم کارن اسٹارچ اس میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ گوشت کو میرینیٹ کرتے وقت دیگر اجزا کے ساتھ تھوڑا سا کارن اسٹارچ ملا دیا جائے تو گوشت رسیلا رہتا ہے اور اس پر ایک نرم مگر محفوظ کوٹنگ بن جاتی ہے۔

بیکنگ کے شوقین افراد کے لیے بھی کارن فلور ایک مفید متبادل ہے۔ اسے پانی میں ملا کر بعض ترکیبوں میں انڈے کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے، خاص طور پر ویگن یا گلوٹین فری بیکڈ اشیا تیار کرتے وقت، کیونکہ کارن اسٹارچ میں گلوٹین موجود نہیں ہوتا۔

اس کے علاوہ بیکنگ کے دوران اگر کیک یا پائی کا آمیزہ حد سے زیادہ پتلا ہوجائے تو اس میں مناسب مقدار میں کارن فلور شامل کر کے آمیزے کو درست ساخت دی جاسکتی ہے۔ یوں کارن فلور ایک سادہ مگر کثیرالمقاصد جزو ثابت ہوتا ہے جو باورچی خانے میں کئی مسائل کا آسان حل فراہم کرتا ہے۔

مقبول خبریں