پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی انعامی رقم کا عالمی اسکواش ایونٹ ’ کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ 2026‘ 6 جنوری سے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سندھ اسکواش ایسوسی ایشن، سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان اور عدنان اسد نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ایونٹ کی انعامی رقم 2 لاکھ 42 ہزار ڈالرز ہوگی۔
ٹورنامنٹ 6 جنوری سے 11 جنوری تک ڈی اے کریک کلب میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں مینز اور ویمنز کے مقابلے ہوں گے۔
یہ پی ایس اے کے ورلڈ ٹور کا گولڈ ایونٹ ہے جس میں دنیا کے معروف مرد اورخواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔
مینز ایونٹ میں عالمی نمبر 4 مصر کے کریم جواد ٹاپ سیڈ ہیں۔ مصر ہی کے عالمی نمبر 7 مروان الشورباگے سیڈ 2 کھلاڑی ہوں گے۔
ایونٹ میں پاکستان کے 4 کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔
عالمی انڈر23 چیمپئن و عالمی نمبر 38 نور زمان اور عالمی نمبر47 محمد اشعب عرفان براہ راست ایونٹ کا حصہ ہیں۔
سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال اور طیب اسلم کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔
ویمن ایونٹ میں عالمی نمبر 4 مصر کی امینہ عرفی ٹاپ سیڈ ہیں۔ ملائیشیا کی عالمی نمبر 7 سیوا سانگری سیڈ 2 ہیں۔
دو پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔ سماعت و قوت گویائی سے محروم ثنا بہادر اور مریم ملک بھی شامل ہیں۔
بھارت نے دوسرے کھیلوں کی طرح اسکواش میں بھی سیاست کو شامل کردیا اور کسی بھارتیی کھلاڑی نے انٹری نہیں کروائی۔
یہ ایونٹ اگلے برس پلاٹینم ایونٹ بن جائے گا جس کی انعامی رقم 10 لاکھ ڈالرز رکھی جائے گی۔