امریکی فوجی وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کو بیڈروم سے گھسیٹتے ہوئے ساتھ لے گئے

وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کی گرفتاری امریکی فوج کی خصوصی یونٹ ڈیلٹا فورس نے انجام دی


ویب ڈیسک January 03, 2026
امریکی اسپیشل فورس کے اہلکار وینزویلا کے صدر کے کمرے میں داخل ہوگئے تھے

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو امریکی فورسز نے رات کے وقت ان کے بیڈروم سے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ گہری نیند سو رہے تھے۔

اس بات کا دعویٰ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دو معتبر اور مستند ذرائع کے حوالے سے کیا جو اس واقعے سے واقف ہیں۔

ان ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر سی این این کو بتایا کہ امریکی فوجی کمرے میں داخل ہوئے تھے تو وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ سو رہے تھے۔

یہ گرفتاری امریکی فوج کی خصوصی یونٹ ڈیلٹا فورس نے انجام دی اور امریکی حکام کے مطابق اس کارروائی میں کسی امریکی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی کے ایجنٹس بھی اس خصوصی آپریشن کے دوران موجود تھے اور منصوبہ بنایا جا رہا ہے کہ مادورو کو نیویارک منتقل کیا جائے تاکہ وہ مین ہٹن فیڈرل کورٹ میں مقدمے کا سامنا کریں۔

ذرائع کے مطابق امریکی حکام نے طویل عرصے تک مادورو کے خلاف قانونی اور خفیہ تحقیقات کیں تاکہ اس وقت کی کارروائی کو درست قانونی بنیاد فراہم کی جا سکے۔

خیال رہے کہ یہ گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی ہے جب امریکا اور وینزویلا کے درمیان گزشتہ ہفتوں میں ہونے والی محدود سفارتی روابط اور مذاکرات کی کوششیں بھی جاری تھیں۔

ادھر امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن نے کئی سالوں سے مادورو اور وینزویلا کے بعض اعلیٰ فوجی افسران کے خلاف فرد جرم تیار کر رکھی ہے۔

امریکی قانون نافذ کرنے والے حکام کے مطابق یہ تحقیقات اور شواہد مبینہ الزامات کی بنیاد بنیں گے جو جلد عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

قبل ازیں امریکی اٹارنی جنرل پام بانڈی نے کہا تھا کہ صدر مادورو جلد امریکی عدالتوں میں سخت جرح کا سامنا کریں گے۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ صدر مادورو اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف الزامات میں منشیات کی اسمگلنگ، نارکو ٹیررازم اور مشین گنز و تباہ کن آلات کے قبضے جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وینزویلا کے صدر کی یہ گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی جب امریکا نے وینزویلا کے خلاف فوجی دباؤ بڑھا رکھا تھا اور گزشتہ چند ماہ میں سمندری علاقوں میں 20 سے زائد فضائی حملے کیے جا چکے تھے۔

 

 

مقبول خبریں