سویٹر پر روؤں کو ختم کرکے بالکل نیا جیسا بنانے کے آزمودہ گھریلو طریقے

چند آسان اور محفوظ طریقوں سے کپڑے کو نقصان پہنچائے بغیر روؤں کو باآسانی صاف کیا جاسکتا ہے


ویب ڈیسک January 04, 2026

سردیوں میں پسندیدہ سویٹر پر جب باریک روؤں کے چھوٹے چھوٹے گولے بننے لگتے ہیں تو پورا لباس پرانا اور بدنما محسوس ہونے لگتا ہے، چاہے سویٹر زیادہ استعمال میں بھی نہ آیا ہو۔

اکثر افراد ان روؤں کو صاف کرنے کے لیے سخت برش یا غلط اوزار استعمال کر لیتے ہیں، جس سے سویٹر کے دھاگے خراب ہو جاتے ہیں اور مسئلہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ حالانکہ چند آسان اور محفوظ طریقوں سے ان روؤں کو آرام سے صاف کیا جاسکتا ہے، بغیر کپڑے کو نقصان پہنچائے۔

پہلا طریقہ یہ ہے کہ سویٹر کو کسی ہموار سطح پر پھیلا کر اچھی طرح سیدھا کرلیا جائے تاکہ کپڑے میں شکنیں نہ رہیں۔ اس کے بعد عام سی الیکٹرک شیونگ مشین، جیسی جلد کے بال صاف کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے، ہلکے ہاتھ سے روؤں کی سمت میں چلائیں۔ دباؤ کم رکھنا ضروری ہے تاکہ سویٹر کے دھاگے محفوظ رہیں اور روئیں آسانی سے اتر جائیں۔

دوسرا طریقہ ریزر کے ذریعے صفائی کا ہے، تاہم اس میں خاص احتیاط درکار ہوتی ہے۔ سویٹر کو مضبوطی سے تھام کر ریزر کو آہستگی سے مختلف سمتوں میں چلایا جاتا ہے۔ ریزر کو ہلکا سا ترچھا رکھ کر استعمال کرنے سے اضافی روئیں کٹ جاتے ہیں، جبکہ کپڑے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ جلد بازی سے گریز کریں اور نرم ہاتھ سے کام لیں۔

تیسرا اور سب سے آسان طریقہ کاٹن ٹیپ کا استعمال ہے۔ ٹیپ کے چند ٹکڑے کاٹ کر اس کا چپکنے والا حصہ سویٹر پر روؤں کی سمت میں لگائیں اور انگلیوں سے ہلکا دباؤ دیں۔ پھر ٹیپ کو آہستہ سے کھینچ لیں۔ یہ عمل مختلف حصوں پر دہراتے رہیں، یہاں تک کہ تمام روئیں صاف ہو جائیں۔

ان سادہ اور گھریلو طریقوں پر عمل کر کے نہ صرف آپ اپنے سویٹر کو نیا جیسا بنا سکتے ہیں بلکہ غیر ضروری اخراجات اور کپڑے کو خراب ہونے سے بھی بچا سکتے ہیں۔

مقبول خبریں