مادورو اور اہلیہ کی گرفتاری لائیو ٹی وی شو کیطرح دیکھی؛ ٹرمپ نے پوری روداد سنا دی

امریکی فوجیوں نے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو آدھی رات ان کے بیڈروم سے گھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا


ویب ڈیسک January 03, 2026

ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کی گرفتاری کے لیے امریکی اسپیشل فورس کے آپریشن کی تفصیلات بتادیں۔

فوکس نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اُن دونوں کو ’’ یو ایس ایس آئیو جیما‘‘ جہاز پر سوار کر کے نیویارک کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتاری کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحری جہاز تک پہنچایا گیا اور یہ پرواز محفوظ طریقے سے مکمل ہوئی۔

امریکی صدر کے بقول انھوں نے وینزویلا کے صدر مادورو کو ایک ہفتہ قبل فون بھی کیا تھا اور گرفتاری دیکر امریکی مقدمے کا سامنا کرنے کو کہا تھا۔

صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ وینزویلا کے صدر مادورو اور ان کے قریبی ساتھیوں نے کئی امریکیوں کو ہلاک کیا ہے جس کی وجہ سے ان کی گرفتاری کو لازمی سمجھا گیا۔

صدر ٹرمپ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ مادورو کی گرفتاری کو مارا لاگو میں ایک کمرے سے براہ راست دیکھا جیسے ٹیلی وژن پر  کوئی  لائیو شو دیکھا جاتا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ گرفتاری کا عمل بہت پیچیدہ تھا جس میں امریکی فوجی نے اسٹیل کے دروازے توڑے اور محفوظ شدہ مقامات تک پہنچ کر مادورو کو گرفتار کیا۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوج کے پاس کارروائی کے لیے ہیلی کاپٹر، فائٹر جیٹس اور دیگر متعدد طیارے موجود تھے اور ہر لمحے کی نگرانی کی گئی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس پورے ملٹری آپریشن کو انتہائی مہارت اور تیز رفتاری سے انجام دیا گیا ایسی کارروائی کرنا دنیا میں کسی اور ملک کے لیے کرنا ممکن نہیں ہے۔

انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس پوری کارروائی کے دوران کسی امریکی کا جانی نقصان نہیں ہوا البتہ کچھ اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ تمام فوجی مکمل ساز و سامان کے ساتھ واپس لوٹ آئے۔

صدر ٹرمپ نے کہا البتہ ایک فوجی ہیلی کاپٹرز کو معمولی نقصان پہنچا ہے اور اُسے بھی بحفاظت واپس لے آیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی فوج کی خصوصی ٹیم نے وینزویلا کے صدر کے کمرے میں داخل ہوکر انھیں اہلیہ سمیت گرفتار کیا اور گھسیٹتے ہوئے ساتھ لے گئے۔

 

مقبول خبریں