وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرینو لوپیز نے امریکا کو سخت پیغام میں کہا ہے کہ وینزویلا ہار نہیں مانے گا اور فتح حاصل کرے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے وزیر دفاع نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت مذاکرات نہیں کریں گے اور ایک متحد قوم کی طرح اپنے مقصد کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وینزویلا کا پس منظر امن پر مبنی ہے اور ملک ہمیشہ آزادی اور انسانی حقوق کے لیے لڑتا رہا ہے۔
انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وینزویلا اپنی سرزمین اور عوام کی وحدت کا دفاع جاری رکھے گا اور مستقبل میں بھی اسی جذبے کے تحت اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرے گا۔
یاد رہے کہ آج امریکی فوجیوں نے وینزویلا کے صدارتی محل میں گھس کر صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو بیڈروم میں سوتے ہوئے گرفتار کیا۔
امریکی فوجی صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو گھسیٹتے ہوئے اپنے ساتھ لے گئے اور ہیلی کاپٹر میں سوار کرکے پہلے سے تیار ایک بحری جہاز میں اتار دیا۔
بحری جہاز اب نیویارک کے لیے روانہ ہوچکا ہے جہاں کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کے خلاف پہلے ہی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔
وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ پر منشیات دہشت گردی، کوکین کی اسمگلنگ، اسلحہ کی ترسیل اور امریکا کے خلاف سازش کے مقدمات درج ہیں۔
ان مقدمات پر امریکی اٹارنی جنرل نے 7 اگست 2025 کو مادورو کی گرفتاری پر 50 ملین ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔
جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے صدر کی گرفتاری کے لیے طویل عرصے سے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔