کراچی:
شہر قائد کے علاقے مائی کولاچی کے قریب پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے میں ماں اور اس کے تین معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
واقعے کے فوری بعد کیماڑی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم مسرور حسین کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق گرفتار ملزم مسرور حسین نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی چار افراد کے قتل کا اعتراف کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ خاتون تعویذ گنڈے کرتی تھی، جس کی وجہ سے ملزم شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ تعویذ کے معاملے سے تنگ آ کر اس نے انیلہ اور اس کے تین معصوم بچوں کو قتل کیا۔
ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے فوراً بعد ہی اپنے جرم کا اعتراف کر لیا، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کیماڑی پولیس اور ایس ایس پی امجد شیخ کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ تیز، پیشہ ورانہ اور فوری کارروائی قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت اقدامات جاری رہیں گے۔