کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران 7ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر کے علاقے سواتی محلہ کے قریب قائدآباد پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔
ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت ذیشان ولد مقبول احمد کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، گولیاں، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کا کرمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے چیک کیا جا رہا ہے۔
برآمد اسلحہ فرانزک کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ادھر نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر بی 7 یونس مسجد کے قریب سرسید پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ مقابلہ ہوا۔
ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ مشکوک موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ اس کا ساتھی بھی گرفتار کر لیا گیا۔
زخمی ملزم کی شناخت 25 سالہ سجاد ولد محمد اسلم جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت محمد علی ولد محمد حسین کے نام سے ہوئی۔
ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ میگزین، دو موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو فوری عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر تھانہ سرجانی کی حدود میں واقعے گلشنِ شیراز میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔
ترجمان ضلع ویسٹ پولیس کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت سلمان ولد ناصر اور شیر دل ولد گلباز کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، خولز، تین موبائل فونز اور نقدی برآمد کرکے موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا کیماڑی کے علاقے پاک کالونی میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک زخمی سمیت دو ڈاکو گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو پستول، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
زخمی ملزم کو اسپتال جبکہ دوسرے ملزم کو تھانے منتقل کرکے تفتیش کا۔عمل۔شروع کردیا دیا گیا ہے۔