سی ویو پر عالمی کراچی میراتھن کا انعقاد، 25 ممالک کے 7 ہزار سے زائد رنرز کی شرکت

مردوں کے ساتھ بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد نے میراتھن میں حصہ لیا



کراچی:

سال نو کی پہلی میراتھن اتوار کو کلفٹن کے ساحل پر منعقد ہوئی، سخت سردی میں سی یو پر منعقدہ کراچی میراتھن میں 25 ممالک کے 7 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔

میراتھن میں چار کیٹیگیرز رکھی گئی تھیں جن میں 42.1 کلومیٹر، 21  کلومیٹر، 10 کلومیٹر اور 5 کلو میٹر کی دوڑ شامل تھی۔ مردوں کے ساتھ بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد نے میراتھن میں حصہ لیا۔

میراتھن کا آغاز نشان پاکستان ساحل سی ویو سے ہوا اور اختتام بھی اسی مقام پر ہوا، اسرار خٹک نے 42.1 کلومیٹر کا فاصلہ 2 گھنٹہ 39 منٹ 58 سیکنڈز میں طے کرکے میراتھن جیت لی، حماس منہاس 2 گھنٹہ 48 منٹ اور 59 سیکنڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے،

ہاف میراتھن محمد اختر نے ایک گھنٹہ 19 منٹ 29 سیکنڈز میں جیتی، عطا الصمد نے  دوسری اور فیضان فیضی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

 خواتین کی میراتھن  سارہ لودھی نے مقررہ فاصلہ 3 گھنٹہ 33 منٹ 28 سیکنڈز میں طے کرکے اپنے نام کی، کوکب سرور نے ایک گھنٹہ 53 منٹ 57 سیکنڈز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

 آخر میں انعامات تقسیم کیے گئے، منتظمین کا کہنا تھا کہ میراتھن ریس کا مقصد صحتمندانہ زندگی کو فروغ دینا ہے، آئندہ بھی ایسی  مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

 

ریس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ شرکاء کی سہولت کے لیے طبی امداد اور ریفریشمنٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے۔

مقبول خبریں