کراچی: بفرزون میں گھر میں ڈکیتی کے دوران 3 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا


اسٹاف رپورٹر January 04, 2026

کراچی:

بفرزون میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 3 ڈاکو پولیس مقابلے میں مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح تیموریہ تھانے کے علاقے بفرزون سیکٹر پندرہ اے ون میں 4 نامعلوم مسلح ڈکیت مکان نمبر 609 میں گھس کراہلِ خانہ کو یرغمال بنانے کے بعد ڈکیتی کی واردات انجام دیکر فرارہو رہے تھے کہ بروقت اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچ گئی جنہیں دیکھ کرمسلح ملزمان نے پولیس پرفائرنگ کردی۔

پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پرہلاک ہوگیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع پرسے فرارہوگئے لیکن کچھ فاصلے پر پولیس اورمسلح ڈکیتوں کے درمیان دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے 2 ڈکیت ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرے ڈکیت کوزخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، لوٹی گئی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز، موٹر سائیکل اوردیگر دیگرقیمتی سامان برآمد کرلیا گیا۔

ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں اور زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو قانونی کارروائی کے لیےعباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، مسلح ڈاکوؤں نے جس گھر میں ڈکیتی کی واردات انجام دی اس گھر کے  مکینوں کا کہنا تھا کہ مسلح ڈاکو گھر کا مرکزی دروازہ کھلا ہونے  کے باعث گھرمیں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اور آدھے گھنٹے تک گھر میں لوٹ مار کرتے رہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکو ان کے گھر سے ڈھائی سے تین لاکھ روپے کی نقدی، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، موبائل فونز اور قیمتی سامان و دستاویزات لوٹ کر فرار ہوئے، انہوں نے بتایا کہ ان کے گھرکے سامنے ایک مکان تعمیر ہو رہا ہے اورزیر تعمیر ہونے والے گھر پر کام کرنے والے ایک مزدورنے مسلح ڈاکوؤں کوگھر میں گھستا اورایک ڈکیت کو باہر پہرا دیتا دیکھ لیا تھا اور مزدور کی ہی جانب سے مدد گار 15 پولیس کو بروقت اطلاع دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس جب گھر کے باہر پہنچی تو ڈاکو گھبرا گئے اورگھر کی عقبی حصے میں بنے دروازے سے گندی گلی کی جانب بھاگے جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو موقع پرہلاک ہوا جبکہ 2 ڈاکو کچھ فاصلے پر جا کر دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے اورایک ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ متاثرہ مکینوں کی جانب سے پولیس کارکردگی کو سراہا بھی گیا۔

ایس ایچ او تیموریہ شاہد بلوچ اورڈی ایس پی علی حسن نے ایکسریس کو بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت کی شناخت قیوم ولد محبوب کے نام سے کی گئی ہے، زخمی ڈاکو نے اپنے ایک ساتھی کا نام یاسر بتایا ہے انہوں نے بتایا کہ 2 ڈاکوؤں کی فوری شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔ کوشش کی جا رہی ہے فنگر پرنٹس کی مدد سے ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت ممکن بنائی جائے، ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے شاندار کارکردگی پر ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی سینٹرل اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے، ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ دلیرانہ پولیس کارروائیوں سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے پست ہورہے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے بھی پولیس مقابلے کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جرات مندانہ اور کامیاب کارروائی پر پولیس افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔

مقبول خبریں