کراچی، پولیس کے ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے، 2 زخمیوں سمیت 5 ڈاکو گرفتار، ایک فرار

گرفتار ملزمان سے اسلحہ، نقدی اور موبائل فونز برآمد کر لیے گئے، پولیس


اسٹاف رپورٹر January 05, 2026

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقابلوں کے بعد پانچ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، جن میں دو زخمی حالت میں زیرِ حراست ہیں، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جوہر آباد تھانے کی حدود لیاری ایکسپریس وے بلاک 15 میں پولیس نے موٹر سائیکل سوار دو مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

زخمی گرفتار ملزم کی شناخت کلیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ فرار ملزم امجد بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کر لیے۔

دوسری جانب قائد آباد مرغی خانہ پل کے قریب بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق زخمی ملزم کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جس کی شناخت رانجی ولد مول چند عمر 25 سال بتائی گئی ہے۔

ادھر ڈیفنس کے علاقے میں پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں تین ملزمان کو بلا ضرب گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت دانش، نیہل عرف سونو اور سہیل عرف سہیلہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، دیگر سامان اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

مقبول خبریں