کراچی کے سول اسپتال سے شیر خوار بچہ اغوا، فوٹیج سامنے آگئی

ملزمہ اپنے شوہر کے ساتھ بچے کے علاج کیلیے اسپتال آتی اور والدین کو پیسے بھی ادا کرتی تھی، پولیس


شاہ میر خان January 05, 2026

شہر قائد کے علاقے سول اسپتال سے تین ماہ کے شیر خوار بچے کے اغوا کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے سول اسپتال میں زیر علاج بچے کے اغوا کی واردات 25 دسمبر کو ہوئی۔ بچے کی والدہ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ 24 دسمبر کو ان کا بچہ بیمار تھا۔ وہ گھر کے قریب میرا ناکہ پر فیڈر پلانے کے لیے رکی تھیں کہ اسی دوران ایک راہگیر خاتون نے رک کر بچے کے مکمل علاج کی یقین دہانی کروائی۔

والدہ کے مطابق 25 دسمبر کو وہی خاتون ان کے ساتھ بچے کو لے کر سول اسپتال گئی، جہاں بچے کو ڈرپ اور دیگر طبی امداد دی گئی۔

والدہ کا کہنا ہے کہ جب بچے کو ڈسچارج کروانے کا وقت آیا تو ملزمہ خاتون بچے کو لے کر فرار ہو گئی، جس کے بعد انہیں اغوا کا علم ہوا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ عید گاہ میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاتون گداگر ہیں اور میرا ناکہ کے قریب فٹ پاتھ پر رہتی ہیں۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان شیر شاہ پنکھا ہوٹل کے قریب بھیک مانگتی تھی، جہاں ملزمہ خاتون متاثرہ  خاندان کی امداد بھی کرتی رہی ہے اور وہ اکثر اپنے شوہر کے ساتھ آتی تھی۔

پولیس کے مطابق جتنے دن بچہ زیر علاج رہا، اس کے علاج کا خرچ بھی ملزمہ نے اٹھایا۔ پولیس نے ملزمہ خاتون کی تصاویر جاری کر دی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس کی تلاش جاری ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

مقبول خبریں