پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کیرون پولارڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد نامناسب رویہ اختیار کیا جو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے منافی تھا۔
یہ واقعہ میچ کے11ویں اوور میں پیش آیا جب نسیم شاہ کی گیند کو کیرون پولارڈ نے دفاعی انداز میں کھیلا، جس پر پیسر نے گیند اٹھا کر پولارڈ کی جانب مسکرا کر دیکھا، بیٹر نے جارحانہ ردعمل دیا اور پھر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی۔
نسیم شاہ نے بھی جوابی ردعمل دیا، امپائرز اور ڈیزرٹ وائپرز کے بیٹر جیسن روئے نے مداخلت کر کے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا تاہم اس دوران دونوں خاصے برہم دکھائی دیے۔
بعدازاں نسیم شاہ نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر پولارڈ کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب انداز اپنایا جس کی بناء پر جرمانے کی زد میں آگئے۔