کراچی: گیس لائن بچھانے کے بعد سڑکوں کی مرمت نہ کرنے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

ٹی ایم سی شاہ فیصل کو سڑکوں کی فوری مرمت کا حکم دیا جائے، درخواستگزار


کورٹ رپورٹر January 06, 2026

کراچی:

شاہ فیصل ٹاؤن میں گیس پائپ لائن بچھانے کے لیے روڈ کٹنگ کے بعد سڑکوں کی دوبارہ مرمت نہ کرنے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ 

چیئرمین یوسی 3 شاہ فیصل چوہدری اسد، وائس چیئرمین چوہدری خالد اور محمد تحسین نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایم سی شاہ فیصل کی جانب سے ایس ایس جی سی کو روڈ کٹنگ کی اجازت دی گئی تھی جس کے عوض ایس ایس جی سی نے 207 ملین سے زائد کی رقم ادا کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایس ایس جی سی کی پائپ لائن کی وجہ سے سڑکوں اور دیگر مقامات کو جو نقصان ہوا ہے اسکی فوری تعمیرات کروائی جائے، ٹی ایم سی شاہ فیصل کو حکم دیا جائے کہ سڑکوں کی مرمت فوری طور پر کروائی جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ یہ قرار دیا جائے کہ روڈ کٹنگ کی مرمت اور سڑکوں کی تعمیرات میں فریقین ناکام رہے ہیں، روڈ کٹنگ کے بدلے رقم ایس ایس جی سی سے تو لی جاچکی ہے لیکن سڑکوں کی بحالی کا کام نہیں کیا گیا۔

درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی بحالی اور مرمت کے کام کے لیے قانون کے مطابق کنٹریکٹر کو ٹینڈر جاری کئے جائیں، درخواست میں حکومت سندھ، کمشنر کراچی، ٹی ایم سی شاہ فیصل اور ایس ایس جی سی کو فریق بنایا گیا ہے۔

مقبول خبریں