5 بڑوں کی ملاقات یا پی ٹی آئی سے مذاکرات کا امکان نہیں

فریقین میں بداعتمادی ہے، فواد ، تجویز سیاسی بیان بازی، مظہرعباس، حسن عسکری


بشریٰ نذیر January 06, 2026

اسلام آباد:

ملک میں سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کیلیے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنانے 5بڑے اسٹیک ہولڈرز کی ملاقات کی تجویز دی ہے تاہم مبصرین کے مطابق اس ملاقات یا پی ٹی آئی سے مذاکرات کا فوری کوئی امکان نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری نے کہا موجودہ سیاسی حالات میں یہ ملاقات ممکن نہیں، فریقین میں بداعتمادی پائی جاتی ہے، جبکہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے بامقصد مذاکرات پر آمادگی میں رکاوٹیں حائل ہیں۔

سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا یہ تجویز محض سیاسی بیان بازی ہے۔ مذاکرات شروع کرنے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے اس سے قبل بحالی اعتماد کے اقدامات ضروری ہیں جن میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری اور عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینا شامل ہیں۔

نواز شریف کے کردار کے حوالے سے مظہر عباس نے کہا محمود اچکزئی کے دوستانہ تعلقات کی بدولت نوازشریف کی بامقصد مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا آصف زرداری یکطرفہ کوئی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ سیاسی تجزیہ کار حسن عسکری نے کہاموجودہ حالات میں مذاکرات ممکن نہیں، سیاسی اختلافات بہت گہرے اور فریقین میں بداعتمادی پائی جاتی ہے، دونوں اطراف سے بحالی اعتماد کے اقدامات کے بغیر صورتحال میں بہتری کا امکان نہیں۔

فریقین کو کمپرومائز کرنا ہوگا۔ حسن عسکری نے کہا نواز شریف کے کردار کے حوالے کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کے اتفاق کے بغیر مذاکرات ممکن نہیں۔

مقبول خبریں