اسلام آباد میں راک کلائمبنگ چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق الپائن کلب آف پاکستان اور انٹرپروونشل کوآرڈینیشن ڈویژن کے اشتراک سے ایک شاندار راک کلائمبنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس نے ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
اس مقابلے میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پاکستان کے تمام صوبوں سے لڑکوں اور لڑکیوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنی غیر معمولی مہارت، طاقت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
یہ چیمپئن شپ راک کلائمبنگ اور کوہ پیمائی کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں خود اعتمادی، برداشت اور چیلنج قبول کرنے کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔
الپائن کلب آف پاکستان کے چیئرمین میجر جنرل (ر) عرفان نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
سیکریٹری آئی پی سی ڈویژن محی الدین وانی نے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان میں ایڈونچر اسپورٹس اور نوجوانوں کے بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔