سرد موسم میں کھجور کو ایک قدرتی سپر فوڈ کی حیثیت حاصل ہے، جو نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے بلکہ جسم کو توانائی، حرارت اور بیماریوں سے بچاؤ بھی فراہم کرتی ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق سردیوں کے دوران کھجور کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنانا مجموعی صحت کے لیے بے حد مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایک ماہ تک ہر رات سونے سے پہلے تین کھجوریں کھائی جائیں تو جسم پر اس کے نمایاں اور مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
کھجور میں موجود قدرتی شکر جیسے گلوکوز اور فرکٹوز فوری توانائی فراہم کرتے ہیں اور میٹابولزم کو تیز کر کے جسم کو اندر سے گرم رکھتے ہیں، جو سردیوں میں خاص طور پر فائدہ مند ہے۔
کھجور خون کی کمی دور کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس میں موجود آئرن ہیموگلوبن کی مقدار بڑھانے میں مدد دیتا ہے، جس سے کمزوری، سستی اور تھکن جیسی شکایات میں کمی آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دن بھر توانائی کی کمی محسوس کرنے والے افراد کے لیے کھجور ایک قدرتی طاقت بخش غذا سمجھی جاتی ہے۔
سردیوں میں نزلہ، زکام اور فلو جیسے مسائل عام ہو جاتے ہیں، ایسے میں کھجور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ کھجور میں موجود میگنیشیم اور اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو انفیکشن سے بچاتے ہیں اور سانس کی نالی سے متعلق بیماریوں کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کھجور کو ورزش سے تقریباً 30 سے 60 منٹ قبل یا رات کو سونے سے پہلے کھایا جا سکتا ہے۔ دو سے چار کھجوریں روزانہ کافی سمجھی جاتی ہیں۔ فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ معدے کو دیر تک بھرپور رکھتی ہیں، جس سے بھوک کم لگتی ہے اور وزن کنٹرول میں رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
تاہم ماہرین یہ بھی خبردار کرتے ہیں کہ ذیابیطس کے مریض کھجور کو اپنی روزمرہ خوراک میں شامل کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں، کیونکہ اس میں قدرتی شکر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
صحت کے ماہرین کا مجموعی مشورہ یہی ہے کہ سردیوں میں کھجور کو خوراک کا حصہ بنایا جائے، کیونکہ یہ کم قیمت ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بے شمار فوائد رکھتی ہے اور جسم کو موسم کی سختیوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہے۔