کراچی، کروڑپتی ماسیوں کا گینگ گرفتار، مہنگے گھر، گاڑیاں اور قیمتی اشیا خریدنے کا اعتراف

گرفتار ماسیاں پی ای سی ایچ ایس میں واقع معروف صنعت کار کے گھر میں گزشتہ 9 سال سے کام کر رہی تھیں، ایس ایس پی ایسٹ


ویب ڈیسک January 15, 2026
فوٹو: پولیس

کراچی:

پولیس نے گھروں میں وارداتیں کرنے والی کروڑ پتی ماسیوں کا 5 رکنی گینگ گرفتارکرلیا، یہ ماسیاں 9 سال سے پی ای سی ایچ میں ایک معروف صنعت کار کے بنگلے میں ملازمت کررہی تھیں اور انہوں نے چوری کی رقم سے گھر، گاڑی، موٹرسائیکل اور دیگر قیمتی اشیا خریدنے کا اعتراف کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق گرفتار ماسیاں پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں واقع معروف صنعت کار کے گھر میں گزشتہ 9 سال سے کام کر رہی تھیں، گینگ کی سرغنہ عروج نے صنعت کار کے گھر کے لاکر کی چابی چرا کر 3 ہزار میں ڈپلیکیٹ بنوالی تھی، ابتدائی تفتیش میں گرفتار سرغنہ  نے صنعت کار کے گھرسے چوری کی رقم سے گھر، گاڑی، موٹرسائیکل اور دیگر قیمتی اشیا خریدنے کا انکشاف کیا ہے۔

گرفتار ماسی نے بتایا کہ اس نے چوری کی رقم سے 39 لاکھ روپے میں گھر، 30 لاکھ روپے میں گاڑی اور دولاکھ 60 ہزار کی موٹر سائیکل خریدی تھی، چوری کی رقم سے خریدی گئی گاڑی رینٹ پردی ہوئی ہے جبکہ موٹر سائیکل گرفتار ماسی عروج کا شوہر چلا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ماسیوں کی شناخت عروج، سویرا، نائلہ، ثنا اور علشبہ کے ناموں سے کی گئی ہے گرفتار ماسیوں کا تعلق وہاڑی، اوکاڑا، فیصل آباد، رحیم یار خان اور کوٹ ادو سے ہے، گرفتار ماسیوں کے خلاف فیروز آباد تھانے میں نامزد مقدمہ درج ہے جس کی تفتیش جاری ہے اور دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں۔

ایس ایس پی نے عوام سے اپیل ہے کہ گھریلو ملازماؤں کو نوکری میں رکھنے سے قبل ان کا شناختی کارڈ، کوائف اور پولیس ویری فکیشن لازمی کروائیں۔

پولیس نے بتایا کہ ماسیوں کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

مقبول خبریں