اسلام آباد، پنڈی، کے پی اور گلگت میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، گلگت، ہنزہ اور غذر میں کئی گھر منہدم ہوگئے، ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے، شاہراہِ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی جس کے باعث پاکستان چین کے درمیان آمد و رفت معطل ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی آج دوپہر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ، گہرائی زیر زمین دس کلومیٹر اور مرکز شمال مغربی کشمیر تھا۔
زلزلے سے گلگت، ہنزہ ویلی، ہنزہ نگر اور غذر میں نقصانات بھی رپورٹ ہوئے جہاں کئی گھر منہدم ہو گئے۔ غذر کے علاقے بدصوات میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ہنزہ اور نگر میں پہاڑوں سے پتھر گرگئے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم جگلوٹ گورو کے مقام پر بند ہوگئی، شاہراہ قراقرم بند ہونے کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان آمد و رفت معطل ہو گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے سڑک کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا۔
دریں اثنا پی ایم ڈی اسلام آباد کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صبح 11 بج کر 21 منٹ پر محسوس کیے گئے۔