کراچی، کورئیر کمپنی کے رائیڈر سے لوٹ مار کی واردات ڈاکوؤں کو مہنگی پڑگئی

فرار ہوتے ہوئے ڈاکو کی فائرنگ سے اس کا ساتھی ہلاک ہوگیا


اسٹاف رپورٹر January 27, 2026

کراچی:

شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں کورئیر کمپنی کے رائیڈرسے لوٹ مار کی واردات ڈاکوؤں کو مہنگی پڑگئی ، ڈاکو کی فائرنگ سے اس کا ساتھی ہلاک ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق جوہر آباد  کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 15 ابراہیم علی بھائی اسکول کے قریب  فائرنگ کے واقعے میں مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او راشد الرحمٰن نے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار 2 ڈاکو کورئیر کمپنی کے رائیڈر شاہ زیب سے 55 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

جسے دیکھ کر متاثرہ شہری شاہ زیب نے شور مچایا اس دوران ایک ڈاکو نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں گولی اس کے اپنے ہی ساتھی کو لگ گئی اور وہ موٹر سائیکل سے گر گیا جبکہ اس کا ساتھی موقت سے فرار ہوگیا۔ 

ہلاک ڈاکو کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی جہاں اس کی شناخت 20سالہ عبدالرحیم کے نام سے کی گئی جو کہ شریف آباد کے علاقے الکرم اسکوائر کے قریب کا رہائشی بتایا جاتا ہے اور اس قبل ڈکیتی کی واردات میں گرفتار بھی ہوچکا ہے۔

جبکہ فرار ہونے والا ڈاکو رائیڈر کی چھینی گئی نقدی اور موبائل فون سمیت فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

مقبول خبریں