حکومت نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل اسکلز پروگرام شروع کر رہی ہے، احسن اقبال

ہماری کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لے کر چلیں، وفاقی وزیر منصوبہ بندی


عمارہ خان January 31, 2026
(فوٹو: فائل)

لاہور:

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے نوجوانوں سائبر سیکیورٹی کی طرف جانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکل دینے کے پروگرام شروع کر رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے عہد میں دنیا میں بڑی تبدیلی آئی ہے، دنیا میں کس طرح تعلیم حاصل کی جاتی ہے، روزگار حاصل اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کھڑا کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ملک اس کا ساتھ نہیں دے گا وہ پیچھے رہ جائے گا، پاکستان کے پاس بڑا موقع ہے، قدرت نے نوجوان آبادی دی ہے، اگر ہم اپنے نو جوانوں کو سائبر سیکیورٹی کی طرف لے جائیں گے تو پاکستان مستقبل کا اہم ستون بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 1997 اور 1998 میں کام شروع کیا تھا جب ویثرن 2010 بنایا تھا، اس وقت کوئی ٹیکنالوجی کی بات نہیں کرتا تھا، دو سال بعد مارشل لا آیا اور ہم تاریک راہوں میں کھو گئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 2013 میں ہم آئے تو 18،18 گھنٹے بجلی نہیں ہوتی تھی، ایک اخبار نے سرخی لگائی کہ پاکستان پتھر کے دور میں چلا گیا لیکن نوازشریف نے قوم سے وعدے کیے کہ ملکی معیشت کو بحال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے لیڈر کو سوشل میڈیا کے ذریعے قوم پر مسلط کیا گیا جس نے کبھی ایک کونسل نہیں چلائی تھی، جب حکومت تبدیل ہوئی تو مارکیٹ میں شرطیں لگ رہی تھی پاکستان چار ہفتے نکالے گا اور اس وقت کے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم ڈیفالٹ کرجائیں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے بتایا کہ 2017 میں نیشنل سینٹر آف ٹیکنالوجی بنایا، یہ وہ بنیادیں ہیں اس نئے نظام کی جبکہ 2018 میں جو تبدیلی آئی وہ تبدیلی کہتی تھی ہم آپ کو کٹے اور کٹیاں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالی تو اڑان پاکستان دوبارہ شروع کیا، حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکل دینے کے پروگرام شروع کر رہی ہے، یہ ڈیمانڈ بہت بڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لے کر چلیں، ویب ٹو نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بنائے، فن ٹیک کے ذریعے ڈیجیٹل کام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، یہ ایک ایسا موقع ہے جس میں جس قدر تیزی سے آگے بڑھیں گے اس قدر کامیابی ملے گی اور یہ وہ راستہ ہے جس پر قومیں چل کر کامیاب ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے طلبہ کے اندر بہترین پاکستانی ورکر بھی پیدا کریں، ان کو پاکستان کا برینڈ ایمبیسیڈر بنائیں، قدرت نے ہمیں ایک بار پھر موقع دیا ہے، دنیا کی کامیاب معیشتوں کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ کسی ملک کو بدلنے کے لیے 15 سے 20 سال لگیں گے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ جو قوم اور ملک یہ کرلیتے ہیں اس کا بیڑا پار ہوجاتا ہے لیکن جو قوم دھرنے ہڑتالیں اور لانگ مارچ میں لگی رہتی ہے اس کے حصے میں کامیابی نہیں آتی اور جو ملک خود کو اصلاحات اور ماڈرنائزیشن کے لیے تیار کرتی ہے وہ آگے جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر ملک کو مشکلات کا سامنا ہے، امریکا اور یورپ کو دیکھ لیں، غریب گھر کا بچہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی قسمت بدل سکتا ہے۔

مقبول خبریں