کیریبیئن لیگ گیل ہوگئے فیل جمیکا اعزاز کے دفاع میں ناکام

واریئرز کی فتح، سیمنز اورگپٹل کی ففٹیز، ٹرافی کیلیے آج بارباڈوس اور گیانا کا ٹاکرا


Sports Desk August 16, 2014
واریئرز کی فتح، سیمنز اورگپٹل کی ففٹیز، ٹرافی کیلیے آج بارباڈوس اور گیانا کا ٹاکرا۔ فوٹو: فائل

کیریبیئن پریمیئر لیگ کا فائنل ہفتے کی شب بارباڈوس ٹرائیڈینٹس اور گیانا ایمیزون واریئرز کے درمیان کھیلا جائیگا۔

دفاعی چیمپئن جمیکا تلاواز کا قصہ گیانا ایمیزون واریئرز نے تمام کردیا، گیل کی ٹیم دوسرے سیمی فائنل میں 10 وکٹ سے آؤٹ کلاس ہوگئی، لینڈل سیمنز اور مارٹن گپٹل نے 138 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، دونوں پلیئرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ تفصیلات کے مطابق ایمیزون واریئرز نے جمعرات کی شب منعقدہ دوسرے سیمی فائنل میں جمیکا تلاواز کو 10 وکٹ سے آؤٹ کلاس کرکے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنائی۔

ایمیزون واریئرز کو فتح کیلیے 135 رنز کا ہدف ملا، تاہم اوپنرز لینڈل سیمنز اور مارٹن گپٹل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کوئی نقصان کیے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، ان کے درمیان 14.5 اوورز میں 138 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی،میزبان بیٹسمین سمنز نے 71 اور کیوی اوپنر نے 66 رنز بنائے۔ اس سے قبل ٹاس ہارنے والی جمیکا تلاواز کی ٹیم گیانا کے بولرز کے سامنے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 134 رنز جوڑ پائی، اوپنر چیڈوک والٹن نے34 رنز نمایاں اسکور کیے، اوپنر گیل 23 گیندوں پر 19 رنز بناسکے، پاکستانی اسپنر حفیظ نے 19 رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔