سابق انگلش آل راؤنڈر 91 برس کی عمر میں چل بسے

بطور بلے باز انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 ہزار 864 رنز بنائے، جن میں 16 سنچریاں شامل تھیں


ویب ڈیسک September 28, 2026
کین ٹیلر (بائیں جانب)-فوٹو:فائل

انگلینڈ اور یارکشائر کے سابق آل راؤنڈر کین ٹیلر 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ہڈرزفیلڈ میں پیدا ہونے والے کین ٹیلر نے صرف 17 برس کی عمر میں یارکشائر کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 303 فرسٹ کلاس میچز کھیلے اور یارکشائر کے لیے کئی برس تک اہم کردار ادا کیا۔

ٹیلر نے 1959 سے 1968 کے درمیان یارکشائر کو سات کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹلز جتوانے میں حصہ لیا۔ یارکشائر نے انہیں اپنی نسل کے انتہائی ہمہ گیر اور صلاحیتوں سے مالا مال کھلاڑیوں میں شمار کیا۔

بطور بلے باز انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 ہزار 864 رنز بنائے، جن میں 16 سنچریاں شامل تھیں۔ ان کی بہترین انفرادی اننگز 1961 میں وارکشائر کے خلاف ایجبسٹن میں ناقابلِ شکست 203 رنز تھی۔

کین ٹیلر صرف بیٹنگ تک محدود نہیں تھے بلکہ وہ درمیانی رفتار کے مؤثر باؤلر بھی تھے۔ انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 129 وکٹیں حاصل کیں اور 146 کیچز بھی پکڑے۔

1961 میں روایتی روزز میچ میں لنکاشائر کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں کین ٹیلر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 75 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ کرکٹ کے ساتھ فٹبال سے بھی وابستہ رہے اور ہڈرزفیلڈ ٹاؤن کی جانب سے دفاعی کھلاڑی کے طور پر بھی کھیل چکے تھے۔