انگلینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا۔
اینڈرسن نے یہ انتخاب کرکٹ سے متعلق ایک ویڈیو پروگرام میں کیا جس میں انہوں نے مختلف ممالک کے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے نام بتائے۔ انہوں نے آسٹریلیا سے شین وارن، انگلینڈ سے جو روٹ، بھارت سے ویرات کوہلی، نیوزی لینڈ سے ٹم ساؤتھی، جنوبی افریقا سے اے بی ڈی ویلیئرز اور سری لنکا سے سنتھ جے سوریا کو منتخب کیا۔
44 سالہ اینڈرسن انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ انہوں نے مارچ 2024 میں 700 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا اور جولائی 2024 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں اپنا 188واں اور آخری ٹیسٹ کھیل کر انگلینڈ کی نمائندگی ختم کی۔ تاہم وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے رہے اور 2026 میں لنکاشائر کی ریڈ بال ٹیم کے کپتان بھی رہے۔
دوسری جانب بابر اعظم حالیہ عرصے میں فارم کے مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی حالیہ سہ ملکی سیریز کے چار میچز میں 118 رنز بنائے اور سری لنکا کے خلاف فائنل میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ وہ نومبر 2025 کے بعد سے کوئی بین الاقوامی سنچری بھی اسکور نہیں کرسکے۔ رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی پانچ اننگز کے دوران ان کے حصے میں صرف 91 رنز آئے۔